اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے آبی جارحیت پر بھارت کو سخت انتباہ کیا ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی پر ہاتھ ڈالنے والے کا ہاتھ کاٹ دینگے، پاکستان کی معیشت، روزگار اور غذائی تحفظ کا بنیادی انحصار پانی اور زراعت پر ہے، اس لیے ملک اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کریگا، پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے موقف کو موثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے اور آئندہ عالمی کانفرنس میں انڈس واٹر ٹریٹی، بین الاقوامی قوانین اور زیریں علاقوں میں واقع ممالک کے آبی حقوق کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جائیگا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہمیشہ کہا ہے کہ پانی ہماری بقا کا معاملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں وفاقی وزراء نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی 40 سے 50 فیصد آبادی کا ذریعہ معاش زراعت ہے جبکہ قومی معیشت کا 20 سے 25 فیصد حصہ بھی زراعت سے وابستہ ہے۔ پاکستان میں 50 فیصد روزگار، 20 سے 25 فیصد معیشت اور سو فیصد فوڈ سکیورٹی کا انحصار پانی اور زراعت پر ہے۔