کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ تھانہ نبی بخش پولیس نے واقعے کا چالان پراسیکیوشن کے پاس جمع کرا دیا ہے جس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کی روشنی میں آتشزدگی کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے دکاندار نعمت اللہ، اسکے 11 سالہ بیٹے حذیفہ اور گل پلازہ یونین کمیٹی کے صدر متعدد عہدیداروں کو غفلت اور لاپروائی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے، مارکیٹ یونین کی غفلت، بند گیٹ اور بروقت امداد نہ ملنے کو 72 ہلاکتوں کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا۔پراسیکیوشن کی اسکروٹنی مکمل ہونے کے بعد چالان متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے نشاندہی کی ہے کہ پولیس کی جانب سے سابقہ اعتراضات میں سے بیشتر کا ازالہ نہیں کیا گیا۔