کراچی (رفیق مانگٹ) فون نمبر کی جگہ یوزرنیم، وٹس ایپ کا تاریخی اقدام، رابطے کا نیا نظام متعارف، اجنبی افراد سے فون نمبر شیئر کرنا لازمی نہیں ہوگا، یوزرنیم پر چیٹ ممکن، ذاتی معلومات کے تحفظ کیلئے وٹس ایپ کی بڑی تبدیلی، سوشل میڈیا سے مختلف ماڈل، بغیر سرچ ڈائریکٹری کے رابطے کی سہولت، غیر ضروری رابطوں سے بچاؤ ممکن ہوگئی۔ وٹس ایپ نے ایک بڑی اور اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صارفین اب چیٹ کے لیے اپنا فون نمبر شیئر کیے بغیر رابطہ کر سکیں گے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین یوزرنیم استعمال کریں گے، جو ان کی شناخت کا بنیادی ذریعہ ہوگا۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدام صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانے اور ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے، اور یہ فیچر رواں سال کے آخر تک متعارف کرایا جائے گا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق صارفین جلد ہی ایک منفرد یوزرنیم رجسٹر کر سکیں گے جسے وہ دوسروں کے ساتھ شیئر کرکے گفتگو شروع کریں گے۔ اس طرح خاص طور پر نئے لوگوں سے رابطے یا گروپس میں شامل ہونے کے دوران فون نمبر ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فون نمبر ایک حساس ذاتی معلومات ہے، اس لیے اس کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ وٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ یہ یوزرنیم سسٹم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا نہیں ہوگا۔ صارفین کے لیے کوئی سرچ ڈائریکٹری یا تجاویز فراہم نہیں کی جائیں گی، جس سے غیر ضروری یا ناپسندیدہ رابطوں کے امکانات کم ہوں گے۔ اس کے علاوہ صارفین اپنی مرضی سے محدود افراد کے ساتھ ہی اپنا یوزرنیم شیئر کریں گے۔ اس فیچر سے کریئیٹرز، چھوٹے کاروبار اور ادارے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، کیونکہ وہ اپنے دیگر پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور فیس بک کے یوزرنیم کو وٹس ایپ پر استعمال کر سکیں گے۔