برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں 10 منزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق آگ بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10 بجے شہر کے لنکروور علاقے میں واقع اپارٹمنٹ بلاک میں بھڑکی۔ آگ لگنے کے بعد عمارت کی آٹھویں منزل سے گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، 10 منزلہ عمارت میں 200 سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں، جبکہ آگ کے بعد احتیاطاً 80 اپارٹمنٹس کو خالی کروا لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور پر پیش آنے والی ایک تکنیکی خرابی کے باعث لگی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے، جبکہ متعدد افراد شدید اور معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ گھنے دھوئیں کی وجہ سے وہ اپنے فلیٹ سے باہر نہیں نکل سکا، جس پر اس نے خود کو اپارٹمنٹ میں بند کر لیا اور بالکونی میں انتظار کیا۔ تقریباً 10 منٹ بعد فائر فائٹرز نے سیڑھی کے ذریعے اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دھواں تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گیا، جس کے باعث انخلا کا عمل انتہائی مشکل ہوگیا۔ امدادی اہلکار فلیٹ بہ فلیٹ تلاشی لیتے رہے تاکہ کسی ممکنہ متاثرہ شخص کو تلاش کیا جا سکے۔
متاثرہ عمارت کے ایک اور رہائشی نے بتایا کہ ان کے سسر اور ساس، جن میں اینٹورپ کے سابق میئر باب کولز بھی شامل ہیں، کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم ان کی پالتو بلی کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔
پولیس کے مطابق دوپہر تک آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا تھا، جبکہ فائر بریگیڈ کی ترجمان میری ڈی کلیرک نے کہا کہ محدود حدِ نگاہ اور شدید دھوئیں کے باعث امدادی کارروائی انتہائی پیچیدہ رہی۔