• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاکروچ کیلئے خصوصی غوطہ خور لباس تیار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سنگاپور کی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی Nanyang Technological University کے سائنس دانوں نے ایک جدید غوطہ خور لباس تیار کیا ہے، جس کی مدد سے مڈغاسکر کاکروچ 3 گھنٹے تک پانی کے اندر متحرک رہ سکتا ہے۔

یہ تحقیق یونیورسٹی کے اسکول آف مکینیکل اینڈ ایرو اسپیس انجینئرنگ میں کی گئی۔

محققین کے مطابق یہ منصوبہ اس سے قبل تیار کیے گئے سائبرگ کاکروچز کی تحقیق کا تسلسل ہے، جنہیں آفات کے بعد ملبے تلے سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیوں میں استعمال کے لیے سینسرز اور الیکٹروڈز سے لیس کیا گیا تھا۔

سائنس دانوں نے بتایا کہ کاکروچ زیادہ دیر تک پانی میں زندہ نہیں رہ سکتا، اس مسئلے کے حل کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ اور رال (Resin) سے ایک خصوصی لباس تیار کیا گیا۔

تحقیق کے مطابق یہ لباس ہائیڈروجن پر آکسائیڈ اور مینگنیز ڈائی آکسائیڈ کے درمیان کیمیائی عمل کے ذریعے آکسیجن پیدا کرتا ہے جس سے روایتی آکسیجن سلنڈر کی ضرورت نہیں رہتی۔

آزمائشی مراحل میں یہ لباس کاکروچ کو 3 گھنٹے تک پانی کے اندر متحرک رکھنے میں کامیاب رہا، جہاں اس کی رفتار 78.4 ملی میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی، جو خشکی پر اس کی رفتار سے تقریباً 10 ملی میٹر فی سیکنڈ کم تھی۔

محققین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو سیلاب سے نمٹنے، زیرِ آب کاموں اور ہنگامی امدادی کارروائیوں میں بایو ہائبرڈ روبوٹک نظام کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید