کراچی(طاہر عزیز۔۔اسٹاف رپورٹر) کراچی ضلع شرقی اسکیم 33میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی( کے ڈی اے) نے 2ارب روپے لاگت سے سڑکیں بنانے کا آغاز کر دیا، ان سڑکوں کو چار پیکجز میں تقسیم کر کےکام شروع کیاگیا ہے اور انہیں رواں سال جون 2027تک مکمل کر لیاجائے گاجن مختلف سڑکوں کی نئے سرے سے تعمیر اور انہیں بحال کیا جائے گاان میں پیکج ون میں سیکٹر 26اے اور 27اے کے درمیان ساڑھے تین کلو میٹر طویل دس میٹر چوڑی اور دو رویہ سڑک،پیکج دو میں دو سڑکیں مہران روڈ سے لنک روڈ تک پون کلومیٹراور سپر ہائی وے لنک روڈ سےلنک روڈ سوا کلو میٹر،تیسرے پیکیج میں میں مدراس چوک روڈ،رومی روڈ دو رویہ اور سچل سرمست روڈ سےلنک روڈ تک دورویہ سڑ کیں شامل ہیں چوتھے پیکج کی دوسڑکیں یوسف لدھیانوی روڈ تالنک روڈ اور ایم نائن لنک روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ چاروں پیکج پر مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 98 کروڑ74 لاکھ روپے ہے اور یہ فنڈ محکمہ بلدیات حکومت سندھ نے فراہم کئے ہیں ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی اور چیف انجینئر عبدالصمد جمالانی جو ان منصوبوں کی نگرانی کر رہے ان کے مطابق کے ڈی اے کی نگرانی میں شہر میں اربوں روپے سے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں۔