کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ صوبائی کمشنر سید رسول بخش شاہ، پروفیسر معین اظہر صدیقی، ڈائریکٹر جنرل کالجز زاہد حسین راجپر، ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن کراچی ریجن مرزا ارشد بیگ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن حیدرآباد ریجن ممتاز حسین اور سندھ کے دیگر ڈویژن کے ڈائرکٹرزاور ان کے نمائندے ضلعی ایجوکیشن افسران اور ان کے مجاز نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی سیکریٹری سید اختر میر کو تین سال کے لیے اعزازی صوبائی سیکریٹری جبکہ صوبائی خازن محمد حسین مرزا کو اعزازی ڈپٹی صوبائی سیکریٹری مقرر کیا گیا۔علاوہ ازیں آفس اسسٹنٹ عبد الجبار ابڑو کو آفس سپریٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اجلاس میں گزشتہ ایگزیکٹیو کمیٹی اور فنانس کمیٹی کے اجلاسوں کی منظوری دی گئی نیز آڈٹ رپورٹ، سالانہ بجٹ، ایکٹیویٹی کیلنڈر 2025، 2026ء اور ایکٹیویٹی پروگراموں کی منظوری بھی دی گئی۔