انڈونیشیا میں بدعنوانی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران نائب وزیر برائے امیگریشن سلَمی کریم کو امیگریشن دستاویزات کے اجراء میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسدادِ بدعنوانی کے ادارے کے پی کے کے ترجمان بودی پراسیتیو نے جمعرات کو سلَمی کریم کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
ترجمان کے مطابق مبینہ بدعنوانی 2023ء سے 2024ء کے دوران ہوئی، جب سلَمی کریم سابق صدر جوکو ویدودو کے دورِ حکومت میں ڈائریکٹر جنرل برائے امیگریشن کے عہدے پر فائز تھے۔
سلَمی کریم سے بدھ کی شب کے پی کے کے دفتر میں تقریباً 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد جمعرات کی صبح انہیں ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی مخصوص جیکٹ پہنا کر گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے پی کے نے بتایا ہے کہ اس مقدمے میں مزید 7 افراد کو بھی مشتبہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ کیس سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔