بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے مقتول کی بیوی، اس کے مبینہ عاشق اور 2 ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بیوی نے اپنے شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی پہلے سے کر رکھی تھی، پولیس نے ڈیجیٹل شواہد، موبائل لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چند گھنٹوں میں قتل کا معمہ حل کر لیا۔
تحقیقات کے مطابق 23 سالہ مقتول رمیش تامل ناڈو کا رہائشی تھا، اپنی 19 سالہ بیوی حسینی اور کم سن بیٹی کے ساتھ مندر جا رہا تھا، سفر کے دوران حسینی اپنے بچپن کے دوست اور مبینہ عاشق یوگندھر کو مسلسل لوکیشن بھیجتی رہی تاکہ وہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہاڑی سڑک کے ایک موڑ پر حسینی نے جان بوجھ کر اپنا بیگ گرا دیا جس پر رمیش نے موٹر سائیکل روکی، اسی دوران یوگندھر اور اس کے 2 ساتھی سامنے آ گئے اور رمیش کو اٹھا کر قریبی جنگل لے جا کر تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کر دیا۔
واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ملزمہ حسینی کی والدہ نے بیٹی اور نواسی کے گھر واپس نہ آنے پر پولیس سے رابطہ کیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ رمیش اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ مندر جا رہا تھا جبکہ بعد میں حسینی 2 افراد کے ساتھ مقتول کی موٹر سائیکل پر وہاں سے روانہ ہوتی دکھائی دی۔
پولیس نے موبائل فون ریکارڈ، لوکیشن ڈیٹا اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے مقتول کی لاش برآمد کر کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔