• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی 3 بڑے نیوز چینلز کو لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — تصوریر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — تصوریر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 3 بڑے نشریاتی اداروں کو نشریاتی لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انتخابی سیکیورٹی سے متعلق پرائم ٹائم خطاب کی براہِ راست نشریات نہ دکھانے پر امریکی صدر امریکی نشریاتی اداروں پر برس پڑے۔

 امریکا کے 3 بڑے ٹی وی نیٹ ورکس اے بی سی، این بی سی اور سی این این نے جمعرات کی شب صدر ٹرمپ کی پرائم ٹائم تقریر براہِ راست نشر نہیں کی تھی۔

اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے مذکورہ ٹی وی نیٹ ورکس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میری تقریر نشر نہ کرنے والے ٹی وی نیٹ ورکس سازش کا حصہ ہیں، ان کے نشریاتی لائسنس منسوخ کر دیے جانے چاہئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اے بی سی نے خطاب صرف اپنی اسٹریمنگ سروس اے بی سی نیوز لائیو اور ریڈیو پر نشر کیا، جبکہ این بی سی نے اسے صرف اپنی اسٹریمنگ سروس این بی سی نیوز ناؤ پر دکھایا، مرکزی ٹی وی چینل پر نہیں۔ 

سی این این نے بھی خطاب اپنی مرکزی نشریات کے بجائے ویب سائٹ اور سبسکرپشن اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر فراہم کیا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں چین کی مبینہ انتخابی مداخلت سے متعلق خفیہ معلومات منظرِ عام پر لانے کا دعویٰ کیا اور ایک بار پھر 2020ء کے امریکی صدارتی انتخاب پر اعتراضات دہرائے ہیں، تاہم انہوں نے مختصراً ایران سے متعلق جنگ اور امریکی معیشت کا بھی ذکر کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید