نیویارک (جنگ نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026 کو عالمی میڈیا نے تاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد ٹورنامنٹ قرار دیا ہے۔ 48 ٹیموں پر مشتمل نئے فارمیٹ نے توقعات کے برعکس دلچسپ اور سخت مقابلے پیش کیے، جبکہ کیپ ورڈے، کوراساؤ اور ڈی آر کانگو جیسی ابھرتی ہوئی ٹیموں نے حیران کیا ۔ عالمی تجزیوں کے مطابق لیونل میسی، کلیان ایمباپے، لامین یامال اور دیگر عالمی ستاروں نے شائقین کو یادگار لمحات دیے، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی مستقبل کے روشن اشارے بھی چھوڑ گئی۔ دوسری جانب وی اے آر، اسمارٹ بال اور ریفری کے متنازع فیصلے مسلسل بحث کا موضوع بنے، امریکہ میں شدید گرمی کے باعث ہائیڈریشن بریکس، مہنگے ٹکٹ اور بعض میچوں میں خالی نشستوں پر بھی تنقید ہوئی۔ ایران سمیت بعض ممالک سے متعلق سیاسی معاملات بھی خبروں کی زینت بنے۔ عالمی میڈیا کے مطابق 104 میچوں، ریکارڈ تماشائیوں اور اربوں ڈیجیٹل ناظرین کے ساتھ ورلڈکپ 2026 نے نہ صرف ٹورنامنٹ کا حجم بڑھایا بلکہ عالمی فٹبال کے مستقبل کی نئی سمت بھی متعین کر دی۔