• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائلٹ نے آسمان پر I'm Bored لکھ دیا، انوکھی پرواز سوشل میڈیا پر وائرل

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

برطانیہ میں ایک طیارے کے پائلٹ نے ٹیسٹ فلائٹ کے دوران اپنی پرواز کے راستے سے آسمان پر I'm Bored (میں بور ہو رہا ہوں) تحریر کر دیا، یہ غیر معمولی فلائٹ پیٹرن سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق طیارہ ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 11 بجے لیورپول سے روانہ ہوا اور تقریباً 2 گھنٹے تک ویرل جزیرہ نما، چیشائر اور شمالی ویلز کے فضائی علاقے میں پرواز کرنے کے بعد دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر مرسی سائیڈ واپس لینڈ کر گیا۔

فلائٹ آپریشن حکام کے مطابق 20 سالہ فلائنگ انسٹرکٹر نے پائپر ٹوماہاک طیارے میں ایک پرزہ تبدیل کیے جانے کے بعد معمول کی ٹیسٹ فلائٹ انجام دی تھی تاکہ طیارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

آپریشن منیجر وین بیریٹ نے کہا ہے کہ غالباً پائلٹ ٹیسٹ فلائٹ کے دوران بور ہو رہا تھا، اسی لیے اس نے یہ الفاظ لکھے، تاہم انہوں نے اس کی مہارت کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتنی درستگی سے الفاظ بنانا آسان کام نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے کے ایک سلنڈر کو تبدیل کیا گیا تھا، جس کے بعد معمول کے مطابق ٹیسٹ فلائٹ کی گئی اور تمام نظام درست طریقے سے کام کرتے پائے گئے۔

وین بیریٹ کے مطابق پائلٹ کو اس حرکت پر کسی قسم کی سزا نہیں دی گئی، تاہم اس واقعے نے غیر معمولی توجہ ضرور حاصل کی۔

 انہوں نے بتایا کہ طیارہ محفوظ طریقے سے ہینگر میں واپس پہنچ چکا ہے جبکہ پائلٹ اپنی چھٹی پر ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید