امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ نامہ نگاروں کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی اس وقت ہم سے بات کر رہے ہیں، وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، میرا خیال ہے کہ وہ ابھی اس کے لیے تیار نہیں، شاید ابھی وقت بھی مناسب نہیں، لیکن میں ان کی بات سننے کے لیے تیار ہوں، تاہم وہ جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں نے ایران کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، فضائیہ بھی تباہ ہو گئی ہے، 250 طیارے ناکارہ بنا دیے گئے جبکہ 159 کشتیاں سمندر کی تہہ میں جا چکی ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس اب ریڈار سسٹمز موجود نہیں، ڈرونز بھی بہت کم رہ گئے ہیں، اگرچہ وہ وقتاً فوقتاً کچھ سرگرمیاں دکھانے کی کوشش کرے گا، لیکن اس کے پاس زیادہ صلاحیت باقی نہیں رہی۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصل مقصد یہی ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دیے جائیں، کیونکہ اگر انہیں یہ صلاحیت ملی تو وہ اسے استعمال کریں گے۔