کراچی (طاہر عزیز۔۔۔اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 2ارب روپے کی لاگت سے گلستان جو ہر میں منور چورنگی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے شوشے چھوڑنے والوں کو سنجیدہ نہیں لیتے، کراچی کو تباہ حال قرار دینے والے زمینی حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں۔کراچی منی پاکستان ہے، کسی کو بھی یہاں آکر بسنے سے روک نہیں سکتے سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہو گی کچھ دوست سندھ کی تقسیم کے شوشے چھورٹے ہیں لیکن ہم انہیں سنجیدہ نہیں لیتے وہ ہمیشہ وفاقی حکومت میں رہے کراچی کے لئے کبھی کوئی پروجیکٹ لائے ہوں تو بتائیں۔مئیر مرتضی وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی ٹاؤن چیئرمین کی درخواست پر ڈسکو بیکری فلائی اوور منصوبہ روک دیا، 11ماہ میں بڑے پراجیکٹ مکمل ہونگے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی، چیف انجینئر عبدالصمد جمالانی،سپرنٹنڈنٹ انجینئر جنید صدیقی اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے اس منصوبے کو 16ماہ کی مدت میں مکمل کیا ہے اس پر تقریباً 2ارب روپے لاگت آئی وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ کراچی کو تباہ کر دیا گیا ہم اسےبنائیں گےکراچی کے میدانوں میں شادی ہالز بنائےگئے جسے ہمارے میئر نے آکر تڑوایاکراچی جو پہلے خراب امن و امان کے حوالے سےٹاپ میں پانچویں نمبر پر تھا اب صورتحال بہتر ہونے کے بعد 135ویں نمبر پر آگیاہے کراچی کو تباہ حال قرار دینے والے زمینی حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں، کیونکہ اگر کراچی واقعی رہنے کے قابل شہر نہ ہوتا تو ملک بھر سے لاکھوں افراد روزگار، تعلیم اور بہتر مستقبل کی امید میں یہاں کا رخ نہ کرتے موجودہ حکومت نے شہر میں متعدد فلائی اوورز، انڈر پاسز، شاہراہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کریں گے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ڈیولپمنٹ کا ایجنڈا تکمیل کی جانب گامزن ہےآئندہ ماہ چیئر مین پیپلز پارٹی ہارون آباد سائٹ میں پاکستان کے پہلے انڈسٹریل پارک کا افتتاح کریں گے ۔عوام گیارہ ماہ میں بڑے پروجیکٹ مکمل ہوتے دیکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری موجودہ کارکردگی کا موازنہ ماضی کی صورتحال سے کریں، کراچی میں آج جس رفتار سے ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، اس کی مثال گزشتہ کئی برسوں میں نہیں ملتی۔ منور چورنگی انڈر پاس منصوبہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کر لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکو بیکری چورنگی پر ٹریفک کے دباؤ کے باعث فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم جماعت اسلامی کے متعلقہ ٹاؤن چیئرمین کی درخواست پر اس منصوبے پر پیش رفت روک دی گئی ۔منور چورنگی انڈر پاس منصوبے پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئی۔