چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ناقابلِ تقسیم صرف پاکستان ہے، صوبوں کی تقسیم کو غداری کہنے سے بڑی کوئی غداری نہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتظامی یونٹ کی سرحدوں کے حوالے سے کبھی کوئی بات نہیں کی گئی، پاکستان دھرتی ماں ہے اور چاروں صوبے اس کا حصہ ہیں۔
ایم کیو ایم چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری نے بھی وہی کہا جو ہم نے کہا تھا، صوبےکی شکل ون یونٹ کے بعد ختم ہوئی مگر ویسے ہی بحال نہیں ہوئی، ہم مطالبہ کرتے ہیں پاکستان میں آبادی کے مطابق انتظامی یونٹس بنیں۔
انھوں نے کہا کہ ناقابل تقسیم جو چیز ہے وہ ہمارا وطن ہے، صوبوں کی تقسیم کا تقاضہ پاکستان کا آئین کرتا ہے۔ آئین میں طریقہ کار بتایا گیا ہے اب وہ قابل عمل نہیں رہا، ہم نے قومی اسمبلی میں ترمیم پیش کی تھی۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں آج جو صوبے ہیں وہ لسانی بنیادوں پر ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں پاکستان میں آبادی کے مطابق انتظامی یونٹس بنیں۔