بھارت میں ایک خاتون رکشہ ڈرائیور رات کے تین مسافروں کو سواری کی مفت سہولت دینے لگی، اس نے اپنی اس کام کی وجہ بھی بتادی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک خوبصورت ویڈیو زیر گردش ہے جس کے مطابق یہ صارف رات کو 3 بجے ایک ایسے جوڑے بشمول خاتون رکشہ ڈرائیور سے ملا جنہوں نے اسے حیران کردیا۔
وڈودرا کی سڑکوں پر رات کے اندھیرے میں آٹو چلانے والی اس خاتون کے رکشے پر ایک خصوصی پیغام تحریر ہے کہ ’رات 10 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان، کسی بھی ہنگامی صورتحال یا اسپتال جانے والے شخص کے لیے یہ سفر بالکل مفت ہے۔‘
ویڈیو بنانے والے صارف نے بتایا کہ خاتون کے شوہر پہلے خود آٹو رکشہ چلاتے تھے، لیکن انہوں نے اپنی بیوی کو خود مختار بنانے کے لیے ناصرف آٹو چلانا سکھایا بلکہ معاشرے کی باتوں کی پروا کیے بغیر اپنی بیوی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
اس باہمت خاتون نے اب تک تقریباً 50 دیگر خواتین کو بھی آٹو رکشہ چلانا سکھا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا۔
خاتون اور ان کے شوہر کے اس جذبے کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بے حد جذباتی نظر آئے۔ کسی نے لکھا، ’یہ کہانی واقعی دل کو چھو لینے والی ہے‘، تو کسی اور نے تبصرہ کیا، ’ہمیں اس بھائی اور بھابھی پر فخر ہے!‘
خاتون کا خواب ہے کہ وہ ایک دن اپنی کار خریدیں، اور ان کے شوہر کا کہنا ہے کہ دنیا کچھ بھی کہے، انہیں اپنی بیوی کی خود مختاری سب سے زیادہ عزیز ہے۔