امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لاس ویگاس میں حالیہ شرکت کے دوران ان کے نئے ہیئر اسٹائل نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف میمز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس ویگاس کے ریڈ راک کیسینو ریزورٹ میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کے بال معمول سے زیادہ گھنے اور بھرے ہوئے دکھائی دیے۔
ٹرمپ کی تقریب کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئیں اور ان کے ہیئر اسٹائل سے متعلق نئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین نے امریکی صدر کے بالوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ گھنے قرار دیا۔
کچھ صارفین نے قیاس کیا کہ شاید ٹرمپ نے اپنے حلیے میں تبدیلی کی ہے، جبکہ بعض نے ان کے بالوں سے متعلق پرانی افواہوں کو دوبارہ موضوع بحث بنا دیا۔
ان افواہوں میں کاسمیٹک طریقہ کار، بشمول مبینہ ’اسکیلپ ریڈکشن سرجری‘ کا ذکر بھی کیا جاتا رہا ہے۔
تاہم، ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی عوامی طور پر ان افواہوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ٹرمپ کے بالوں سے متعلق یہ قیاس آرائیاں 1990ء میں ان کی طلاق کے عدالتی معاملات سے جوڑی جاتی ہیں، جب ان کی سابق اہلیہ ایوانا ٹرمپ نے مبینہ طور پر عدالتی گواہی کے دوران ایسی سرجری کا ذکر کیا تھا۔