اسلام آباد/لاہور (طاہر خلیل، عاصم جاوید /عمران احسان)سپیکر سردار ایاز صادق کی ثالثی کوششیں کامیاب ،صدر مملکت آصف علی زرداری نے ججز تقرری سمری پر دستخط کر دیئے،اسپیکر نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی بعد ازاں وہ پی پی پی کے رہنماؤں سے بھی ملے اور انہیں قائل کیا کہ وہ صدر کو سمری پر دستخط کرنے پر آمادہ کریں، بصورت دیگر حکومت آئین کے تحت از خود نوٹیفکیشن جاری کر دے گی، ادھر بلوچستان ہائیکورٹ میں تعینات 3نئے ایڈیشنل ججز محمد رؤف عطاء، اللّٰہ داد اور عبدالقیوم لہڑی نے بھی حلف اٹھالیا۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد کامران ملاخیل نے ان سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور بار کے عہدیداروں نے شرکت کی۔دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین نئے ججز نے بطور ایڈیشنل جج عہدوں کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے تین ایڈیشنل ججز سے حلف لیا،جسٹس ایاز شوکت، جسٹس عمیر مجید ملک اور جسٹس شاہ رخ ارجمند آج سے مقدمات کی سماعت کرینگے، کاز لسٹ جاری کر دی گئی ۔