• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید عابدی کی کتاب ’’انڈرسٹینڈنگ کیریئر کونسلنگ‘‘ کی تقریب رونمائی

لاہور (رب نواز خان) معروف ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر سید عابدی کی کتاب ’’انڈرسٹینڈنگ کیریئر کونسلنگ‘‘ کی تقریب رونمائی گزشتہ روز ڈیفنس کلب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں ماہرین تعلیم، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے سید عابدی کی تدریسی خدمات اور تجربات کو موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کتاب روشن مستقبل کے متلاشی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عابدی نے کہا کہ وہ اب تک تقریباً 16 ہزار طلبہ کی کیریئر کونسلنگ کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے 32 سالہ تعلیمی سفر کے تجربات کو اس کتاب میں سمویا ہے۔ یہ کتاب ڈیجیٹل دور کے طلبہ کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور 2030ء کی دنیا آج کے دور سے بالکل مختلف ہوگی، اس لیے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے سید عابدی سے درخواست کی تھی کہ وہ زندگی بھر کے تعلیمی تجربات کو تحریری شکل میں محفوظ کریں۔ تیزی سے بدلتی دنیا میں سید عابدی جیسے لوگ روشنی کے مینار ہیں، جو نوجوانوں کو درست سمت دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ لائبہ کے افسوسناک واقعے کے بعد کیریئر کونسلرز کی رجسٹریشن کی ضرورت مزید اہم ہو گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کیلئے بیرون ملک جانے کے وقت انہیں بھی یہ معلوم نہیں تھا کہ کس ادارے میں داخلہ لینا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جامعات کے کیریئر کونسلرز کی تربیت سید عابدی سے کروائی جائے تاکہ وہ طلبہ کی بہتر رہنمائی کر سکیں۔ موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے کہا کہ دنیا کا خوش نصیب شخص وہ ہے جس کا مشغلہ اور پیشہ ایک ہو جائے۔ دنیا کے کئی معاشروں میں طلبہ کی قدرتی صلاحیتوں اور رجحانات کا ابتدائی مرحلے پر جائزہ لے کر انہیں موزوں شعبوں کی طرف رہنمائی فراہم کی جاتی ہے، تاہم پاکستان میں اس حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید عابدی طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد دیتے ہیں۔ سابق چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیقی نے کہا کہ انہیں کئی برس قبل کیریئر کے انتخاب اور تعلیمی رہنمائی کی ضرورت پیش آئی تو سید عابدی نے ان کی درست رہنمائی کی اور ایک بہترین تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے میں مدد فراہم کی۔
اہم خبریں سے مزید