• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں 2 مقامات پر فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید، راہ گیر سمیت 4 زخمی


فوٹو: ایکس / لاہور پولیس
فوٹو: ایکس / لاہور پولیس 

لاہور میں دہشت گردوں نے دو مختلف مقامات پر حملہ کرکے پولیس کے 3  اہلکاروں کو شہید اور ایک راہ گیر سمیت 4 کو زخمی کر دیا، دوسرے حملے کے بعد ملزمان سرکاری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیس پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، مرکزی ملزم کا بھائی دو سال پہلے سی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارا گیا تھا۔

دہشت گردوں نے پہلا حملہ بادامی باغ کے علاقے میں کیا، ملزم ریحان بٹ کے گھر موجودگی کی اطلاع پر سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد نےچھاپہ مارا، ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی اور رکشے میں بیٹھ کر فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار شہید ہو گئے۔ 

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ بادامی باغ واقعے کی تحقیقات جاری تھیں کہ 3 دہشت گردوں نے یتیم خانہ چوک میں کالعدم مذہبی تنظیم کے ہیڈ کوارٹر کے باہر پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے واقعے میں حارث سلیم نامی پولیس اہلکار شہید جبکہ اویس، شفیق اور اعظم زخمی ہوگئے، فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا، ملزمان کی تلاش کیلئے سی سی ڈی، انویسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ کی تمام ٹیمیں متحرک ہوگئیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ دونوں مقامات پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم ریحان بٹ ہے، جس کا بھائی فیضان بٹ سی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارا گیا تھا۔

ریحان بٹ کے خلاف شہید ایس آئی عدیل نے دسمبر 2024 میں دھمکیاں دینے کا مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔

آئی بجی پنجاب نے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

قومی خبریں سے مزید