کراچی (بابر علی اعوان) کراچی میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت رپورٹ ہوگئی۔ قیوم آباد کے رہائشی 24 سالہ نوجوان کو گزشتہ رات جناح اسپتال لایا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ تازہ ہلاکت کے بعد رواں سال جناح اسپتال میں ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 8جبکہ سندھ میں مجموعی ہلاکتیں 18 ہوگئی ہیں،کیسز کی تعداد ہزاروں تک جا پہنچی۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق نوجوان کو دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم اس نے اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگوائی۔ گزشتہ رات اسپتال پہنچنے پر اس کی حالت تشویشناک تھی، نیورو میڈیسن ٹیم کو آن بورڈ لیا گیا، ٹیٹنس امیونوگلوبیولن اور دیگر ادویات دی گئیں، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔