برطانیہ کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مانچسٹر، اسٹینسٹڈ اور ایسٹ مڈلینڈز ایئرپورٹس متاثر ہوئے ہیں۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ 87 لاکھ صارفین کا حساس ڈیٹا چوری کرلیا گیا ہے۔ اِی میلز، فون نمبرز، گاڑیوں کے رجسٹریشن اور پوسٹ کوڈ ہیکرز کے ہاتھ لگے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کار پارکنگ، لاؤنج اور فاسٹ ٹریک بکنگز کا ڈیٹا بھی متاثر ہوا ہے، علاوہ ازیں ایئرپورٹس کے وائی فائی صارفین کا ڈیٹا بھی ہیک ہوا ہے۔
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کا کہنا ہے کہ خطرے کی نشاندہی ہوتے ہی فوری اقدامات کرتے ہوئے اسے قابو میں کرلیا گیا اور ماہرین کی مدد سے صارفین اور نظام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ نے مزید بتایا کہ متعلقہ حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور ان کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات اور ضروری کارروائی جاری ہے۔