راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ نے پاکستان میں خواتین کے قتل اور صنفی بنیاد پر تشدد کے بڑھتے واقعات پر ملک گیر ’’فیمیسائیڈ ایمرجنسی‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے حنا جاوید کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ڈی ایف کی رہنماؤں اور حنا جاوید کی کزن و خاندانی ترجمان صباح بانو ملک نے کہا کہ 45 سالہ ڈیجیٹل میڈیا پروفیشنل حنا جاوید کو 20 اگست کو راولپنڈی میں ان کے گھر میں مبینہ طور پر باندھ کر گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ ان کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ایف آئی آر میں نامزد سسر کی گرفتاری تاحال نہیں ہوئی۔ صباح بانو ملک نے کہا کہ حنا جاوید ایک خوددار اور حساس خاتون تھیں جو اپنے والدین کی دیکھ بھال کرتی تھیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل اور شواہد چھپانے میں ملوث ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور تفتیش کا فرانزک بنیادوں پر شفاف عمل یقینی بنایا جائے۔