نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے نجی شعبے کے کارکنوں کو منظم کرنے کی کوششوں میں معاونت کے لیے ایک دفتر قائم کردیا ہے۔
زہران ممدانی نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے میئر کا دفتر برائے ورکر پاور قائم کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ دفتر محنت کش طبقے کے رہائشیوں کے لیے مزید وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا اور ملازمتوں میں استحصالی طریقوں کا خاتمہ کرے گا۔
ممدانی نے ایک بیان میں کہا کہ میئر کا دفتر برائے ورکر پاور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ استحصال بحران بننے اور خلاف ورزیاں معمول بننے سے پہلے ہی کارکنوں کو فیصلہ سازی کی میز پر جگہ ملے۔
انہوں نے کہا کہ اس دفتر کی سربراہی ٹونی پرل اسٹائن کریں گے، ورچوئل بریفنگ کے دوران پرل اسٹائن نے کہا کہ شہر میں بہت سے ایسے دولت مند آجر اور کارپوریشنز ہیں جو اپنے کارکنوں کو زیادہ اجرت دینے کی استطاعت رکھتے ہیں، اور ہم ان کارکنوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں اور اپنی آواز بلند کریں۔
ممدانی نے کہا کہ توقع ہے کہ اس سے شہر کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے والی متعدد مزدور یونینوں میں میئر ممدانی کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔