راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں گرین بس ڈرائیورز و عملہ کیلئے روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی ورکشاپ میں گرین بس ڈرائیورز و عملہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر محمد کلیم نے گرین بس ڈرائیورز اور انکے عملہ کو روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین پر تفصیلی لیکچر دیا۔ورکشاپ میں ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اور ٹریفک نظم و ضبط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔گرین بس ڈرائیورز اور عملہ کو سڑکوں پر محفوظ انداز میں گاڑی چلانے کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر کا کہنا تھا کہ گرین بس ڈرائیورز ٹریفک قوانین کی پابندی اور روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، تیز رفتاری، غیر ضروری لین تبدیلی،غلط پارکنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔بس سٹاپ پر رکنے یا کسی جگہ پارکنگ کی صورت میں دیگر ٹریفک کی روانی کوہر صورت یقینی بنائیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ گرین بس ڈرائیورز و عملہ شہریوں، مسافروں اور دیگر ٹریفک کے ساتھ محتاط رویہ اپنائے۔ مسافروں اور عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ بھی بنیادی ذمہ داری ہونی چاہیے۔