• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 گول سے کامیاب، ایشین گیمز، ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو روند دیا

ناگویا ( نمائندہ خصوصی ) ایشین گیمز ہاکی میں پاکستانی ٹیم نے اپنے سفر کا آغاز فتح سے کیا، تھائی لینڈ کو 0-9 سے شکست دے دی۔ جبکہ خواتین کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں سری لنکا نے ہرادیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو پول بی کے میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 0 - 9 گول سے شکست دی۔ میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا ۔ احمد ندیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 3 شاندار فیلڈ گول اسکور کیے۔ سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر 2 گول بنائے۔ معین شکیل، عماد بٹ ، رانا وحید اشرف اور حنان شاہد نے 1، 1 گول اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے میچ کے چاروں کوارٹرز میں مکمل تسلط برقرار رکھا ۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد ابوبکر نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ اگلے میچوں میں بھی اپنی جیت کے تسلسل کو جاری رکھیں اور فائنل کے ہدف تک پہنچے۔ البتہ ایشین گیمز خواتین کرکٹ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ خواتین ایشیا کپ کے بعد دس دن میں سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل میں یہ پاکستان کی دوسری شکست ہے۔ 11 ستمبر کو رواں ماہ دبئی میں پاکستانی ٹیم کوچار وکٹ سے مات دی تھی۔ اتوار کو سیمی فائنل میں پاکستان خواتین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 177 رنز بنائے۔ سری لنکا ویمن نے 2 وکٹوں پر 181 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا ۔ سری لنکا کی کپتان چماری اتاپتو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہاسنی پریرا نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سےعائشہ ظفر اور شوال ذوالفقار نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ دونوں بیٹر کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت ہوئی، تاہم ان کی یہ محنت رائیگاں گئی اور پاکستانی بولرز ہدف کا دفاع نہ کر سکیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو114رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ فاتح ٹیم نے پانچ وکٹ پر195رنز بنائے، شفالی ورما نے سنچری100 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں، ناکام ٹیم صرف81رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فائنل منگل کو کھیلا جائے گا۔ برانز میڈل کے لئے پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ پر )