• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، مکسڈ مارشل میں پاکستان کا ایک میڈل یقینی

ناگویا( نصر اقبال /نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز میں بھی پاکستانی دستے کی ابتدائی مقابلوں میں ناکامی کی روایت برقرار رہی۔ تاہم پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں شامل ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس 60 کلو گرام کیٹیگری میں ایونٹ میں واحد نمائندگی کرنے والے عاصم خان نے کوارٹر فائنل میں کمبوڈیا کے سوپانھا پھینگ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کے لئے اس ایونٹ کا برانز میڈل یقینی ہوگیا ہے۔ ایونٹ کے قوانین کے مطابق سیمی فائنلسٹ برانز میڈل کا حق دار بن جاتا ہے، عاصم خان اس سے قبل ایشین چیمپئن میں سلور اور ورلڈایونٹ میں برانز میڈل جیت چکے ہیں۔ اتوار کو دیگر مقابلوں میں کھلاڑیوں کی کار کردگی محض خانہ پوری تک محدود رہی، سوئمنگ میں پاکستانی سوئمرز پہلے راونڈ میں ہی باہر ہوگئے، 50 میٹر بریسٹ اسٹروک ہیٹ میں حریم ملک سب سے آخری نمبر پر رہیں۔ حریم ملک نے مقررہ فاصلہ36.52 سیکنڈ میں طے کیا ، مشعال عائشہ حیات نے 37.02 سیکنڈز کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔ حریم ملک کا مجموعی نتائج میں 22 واں اور مشعال کا 24 واں نمبر رہا۔ 100 میٹر فری اسٹائل میں حمزہ آصف کی ہیٹ میں دوسری، اور مجموعی نتائج میں 35 ویں پوزیشن رہی۔ ٹرائی تھلون ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹس فائنل میں ٹیکنیل ناک آؤٹ ہوگئے۔