کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں تیسرے دن کے کھیل کا اختتام پرمحمد طحہ نے ڈبل سنچری، عاصم علی ناصر اور عمران رفیق نے سنچریاں اسکور کیں۔ سمیر منہاس 96 رنز پر آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولرخرم شہزاد نے پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں غنی کی ٹیم نے ایس این جی پی ایل کو ایک اننگز اور 14 رنز سے شکست دے دی ۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں عمران رفیق اور عاصم علی ناصر کی سنچریوں کی بدولت کے آر ایل نے پانچ وکٹوں پر 423 رنز بنا لیے ۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سرکاری ٹی وی نے محمد طحہ کے 362 گیندوں پر 225 رنز کی بدولت اسٹیٹ بینک کے پہلی اننگز کے 433 رنز کے جواب میں 469 رنز بنائے ۔ جواب میں اسٹیٹ بینک نے چار وکٹوں پر 84 رنزبنائے تھے ۔اوجی ڈی سی ایل نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنا لیے ۔کنگز مین نے دن کا آغاز اپنی دوسری اننگز 35 رنز بغیر کسی نقصان کے کیا مگر 203 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔کنگز مین دوسری اننگز میں صرف 120 رنز کی برتری حاصل کر سکی ۔اوجی ڈی سی ایل کے فاسٹ بولرمحمد سلمان اور اسپنر دانش عزیز نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔