کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر حق و سچ کی فتح ہوئی، سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سانحۂ بلدیہ ٹاؤن کے ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ حکومت کی نظرِثانی اپیل خارج کرنا اور ایم کیو ایم کے حوالے سے ریمارکس حذف کرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ حقائق اور قانون کی بنیاد پر اپنا مؤقف پیش کیا، ترجمان نے کہا کہ سانحۂ بلدیہ فیکٹری کو سیاسی مفادات کے حصول، ایم کیو ایم کو بدنام کرنے اور اس کی قیادت و کارکنوں کو ایک مخصوص بیانیے کے تحت نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے ابتدا ہی سے عدلیہ، قانون اور حقائق پر اعتماد رکھا اور آج کا عدالتی فیصلہ اسی اصولی مؤقف کی تائید ہے، عدالت کے فیصلے نے ان تمام الزامات اور پراپیگنڈے پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے جنہیں سیاسی مقاصد کے لیے ایم کیو ایم کے خلاف استعمال کیا جاتا رہا،ایم کیو ایم سانحۂ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق تمام افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ایک بار پھر مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے سانحات کے اصل محرکات اور ذمے دار عناصر کو قانون کے مطابق بے نقاب کیا جائے۔