• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(رفیق مانگٹ)دنیا میں کینسر کی بڑی وجوہات کیا ہیں؟، تمباکو، موٹاپا، غیر صحت بخش خوراک، آلودگی اور انفیکشنز اہم عوامل،پیکٹ چپس، میٹھے سیریلز، انسٹنٹ نوڈلز، سافٹ ڈرنکس اور بعض تیار غذائیں الٹرا پروسیسڈ فوڈز میں شامل،کینسر کسی ایک وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری نہیں بلکہ مختلف اقسام کے سرطان کا مجموعہ ہے اور اس کے اسباب بھی مختلف ہیں۔ عالمی ادارہ صحت  کے مطابق کینسر کے خطرے میں تمباکو نوشی، جسم میں اضافی چربی اور موٹاپا، غیر صحت بخش خوراک، الکحل، جسمانی غیر فعالیت، فضائی آلودگی، بعض کیمیائی و پیشہ ورانہ عوامل اور سرطان پیدا کرنے والے دائمی انفیکشنز اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ خلیوں میں جینیاتی تبدیلیاں اور وقت کے ساتھ جمع ہونے والے نقصانات بھی کینسر کا امکان بڑھاتے ہیں۔ موٹاپا اور اضافی چربی غذائی نالی، بڑی آنت، چھاتی، رحم، گردے اور دیگر کئی اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھاتی ہے اور کینسر کا اہم قابلِ تبدیلی عامل ہے۔ غیر متوازن غذا، پھلوں اور سبزیوں کا کم استعمال اور زیادہ چکنائی، نمک یا شکر والی خوراک کینسر کے خطرے سے منسلک ہے۔ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کے زیادہ استعمال کے بارے میں بھی خطرے کے شواہد موجود ہیں،  تاہم ہر الٹرا پروسیسڈ غذا کو براہِ راست کینسر پیدا کرنے والی غذا قرار دینا سائنسی طور پر درست نہیں۔ ایسی غذائیں عام طور پر صنعتی طریقوں اور متعدد اضافی اجزا کے ذریعے تیار ہوتی ہیں، جن میں بعض پیکٹ والے چپس، میٹھے سیریلز، انسٹنٹ نوڈلز، سافٹ ڈرنکس، بسکٹ، کینڈی اور بعض تیار شدہ کھانے شامل ہو سکتے ہیں۔پراسیسڈ گوشت جیسا کہ ہاٹ ڈاگ،  اور نمک یا دھوئیں سے محفوظ کیا گیا گوشت انسانوں میں سرطان پیدا کرنے والا قرار دیا گیا ہے۔ روزانہ 50 گرام استعمال بڑی آنت کے کینسر کے خطرے میں تقریباً 18 فیصد اضافے سے منسلک ہے۔ سرخ گوشت کو ممکنہ طور پر سرطان پیدا کرنے والا قرار دیا گیا ہے، تاہم اس کے شواہد پراسیسڈ گوشت کے مقابلے میں کم مضبوط ہیں۔شراب چھاتی، بڑی آنت و ریکٹم، جگر، منہ، حلق اور غذائی نالی سمیت کئی سرطانوں کا خطرہ بڑھاتی ہے اور تقریباً 3 فیصد نئے کینسر کیسز سے منسلک ہے۔ورزش اور جسمانی سرگرمی کی کمی وزن میں اضافے، موٹاپے اور دیگر میٹابولک مسائل کے ذریعے بعض سرطانوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ فضائی آلودگی، خصوصاً باریک ذرات، پھیپھڑوں کے کینسر کا اہم ماحولیاتی خطرہ ہیں۔ HPV، ہیپاٹائٹس بی و سی  جیسے انفیکشنز بعض سرطانوں کا سبب بنتے ہیں؛ عالمی سطح پر تقریباً 10 فیصد کینسر کیسز ایسے انفیکشنز سے منسلک ہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ خلیوں میں جینیاتی نقصانات جمع ہوتے جاتے ہیں اور کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے- بعض صنعتی کیمیکلز،  ریڈی ایشن اور الٹرا وائلٹ شعاعوں سمیت متعدد عوامل سرطان کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں-

اہم خبریں سے مزید