اسلام آباد(طاہر خلیل ) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ،ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے حکومت کے ساتھ مذاکرات، سیاسی صورتحال اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سمیت اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی،ذرائع کے مطابق اپوزیشن قائدین نے مذاکرات کے معاملے کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان تک رسائی سے مشروط کر دیا ، انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی سیاسی پیش رفت میں مشترکہ حکمت عملی کو اہمیت دی جائے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سیاسی صورتحال پر مشترکہ مشاورت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ اس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہوئی۔محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مزید مشاورت کا سلسلہ تیز ہونے کا امکان ہے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی پیشرفت متوقع ہے۔