• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: یو این کے عالمی دن پر تقریب، آصفہ بھٹو زرداری کی شرکت

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کراچی میں اقوام متحدہ(یواین) کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد تقریب میں خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، رکن قومی اسمبلی شازیہ مری ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سید نجم شاہ، سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان منور علی مہیسر، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اس تقریب کو کراچی میں منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، شہر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے اہم کام کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کرنے کا اقدام لائق تحسین ہے۔ آج اقوام متحدہ محض ایک ادارہ نہیں، ایک نظریئے کا نام ہے، یہ جنگ کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، جب دنیا اس مشترکہ عزم کے ساتھ یکجا ہوئی کہ آنے والی نسلوں کو بچانا ہے، اقوام متحدہ کی اہمیت صرف اس کی بڑی اسمبلیوں یا بین الاقوامی معاہدوں تک محدود نہیں، اصل تبدیلی وہ ہے جو یہ عام لوگوں کی زندگیوں میں لاتی ہے، میری پرورش ایسے خاندان میں ہوئی جہاں خدمت کو اختیار یا عہدے کے طور پر نہیں دیکھا گیا، عوامی خدمت کو دوسروں کیلئے ایک ذمہ داری سمجھا گیا، ان لوگوں کیلئے جن کی آوازیں اکثر سنی نہیں جاتیں، میری والدہ شہید بے نظیر بھٹو ڈائیلاگ پر یقین رکھتی تھیں، ان کا پختہ یقین تھا کہ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے اور اگر ہم انصاف پر یقین رکھتے ہیں تو سلیکٹو نہیں ہونا چاہیے، بچے صرف زندہ رہنے کا ہی نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر حق رکھتے ہیں، بچے سیکھنے، خواب دیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مستحق ہیں، بچوں کو اپنی زندگی کے مقاصد حاصل کرنے کے مواقع کا حق ہے، صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے خاتون اوّل نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا میرے لیے ذاتی طور پر بے حد اہمیت رکھتا ہے، یہ ایک ایسا عزم ہے جسے میں نے اپنی والدہ سے آگے بڑھایا ہے، کسی بچے کو ویکسین سے محروم رہ جانے کی وجہ سے عمر بھر کی معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے، میں ایک ایسے پاکستان کے قیام کیلئے پرعزم ہوں جو پولیو سے پاک ہو اور ہر بچے کو صحت مند اور محفوظ زندگی گزارنے کا موقع میسر ہو، صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے مل کر کام کرنے سے ممکن بنایا جا سکتا ہے، بچوں کے حوالے سے ہماری ذمہ داری انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے، یقینی بنانا ہوگا کہ بچوں کو مناسب غذائیت اور معیاری تعلیم میسر ہو اور انہیں صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں پروان چڑھانے کا موقع ملے۔
اہم خبریں سے مزید