• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توصیف اکرم نیازی

چند دن پہلے مجھے اپنے ایک دوست کا خیال آیا جن کا تبادلہ کراچی سے اسلام آباد ہو گیا تھا۔ سوچا کہ اُن کا حال معلوم کروں، خاص طور پر ان کے چھوٹے بھائی کا، جو اسکول کے زمانے سے ہی میتھس کا جادوگر تھا۔

پاکستان میں میتھمیٹکس اولمپیڈ کا ٹاپر، انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والا اور اس کی بڑی بہن بھی ماشاءاللہ بہت ذہین، لائق، ہمیشہ کلاس میں فرسٹ آتی۔ دوست سے معلوم ہوا کہ، وہ دونوں تو اب کینیڈا کی ایک بڑی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اسکالرز ہیں۔

بہن نیورو سائنس میں، بھائی کمپیوٹر سائنس میں۔ اُن کی عمریں ابھی اتنی زیادہ نہیں، لیکن وہ اپنی فیلڈ میں دنیا بھر میں پہچان بنا رہے ہیں۔ ریسرچ کر رہے ہیں، کانفرنسز میں بول رہے ہیں۔

میں نے سوچا، واہ!بہت خوب ہمارے نوجوان اتنی کم عمری میں اتنا کچھ کر رہے ہیں۔ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی لیکن پھر ایک دکھ سا ہوا کہ یہ ذہین نوجوان پاکستان سے کیوں چلے گئے۔ شاید انہوں نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا کیونکہ پاکستان میں رہتے تو شاید آج بھی مختلف دفاتر میں اپنی ڈگریوں کی فائل لیے دھکے کھا رہے ہوتے، یا مایوسی کے سمندر میں غوطہ زن رہتے۔ کیونکہ یہاں ان جیسے دماغوں کے لیے جگہ نہیں۔ یہاں میریٹ نہیں، سسٹم نہیں، قدر نہیں۔ یہ دونوں صحیح وقت پر نکل گئے۔ انہوں نے دیکھ لیا تھا کہ یہاں ان جیسے نوجوان ضائع ہورہے ہیں۔

باہر جا کر انہوں نے نہ صرف خود کو سنوارا بلکہ دنیا کو بھی اپنی صلاحیتوں سے نواز رہے ہیں۔ یہ صرف دونوجوان نہیں ، بلکہ یہ تو ایک مثال ہے۔ اصل کہانی ایسے ہزاروں، لاکھوں نوجوانوں کی ہے جو ہر سال پاکستان چھوڑ رہے ہیں۔ ہمارا سب سے بڑا خزانہ، ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ، ہمارے بہترین دماغ یہاں ٹکتے ہی نہیں۔ ہم نے ایک ایسا نظام بنا دیا ہے، جہاں سچائی، محنت اور ٹیلنٹ کی کوئی قدر نہیں، جہاں سفارش، رشوت، سیاسی لابنگ اور خاندانی کنکشن ہی آگے لے جاتے ہیں۔

وہ نوجوان جو ایجادات کر سکتے تھے، جو ملک کی قسمت بدل سکتے تھے، وہ کینیڈا، امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا یا خلیج کے ممالک میں جا کر دوسروں کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔

اب اس سب کا اندازہ ورلڈ بینک، یونیسکو، ایچ ای سی، بیورو آف امیگریشن اور نوبل کی آفیشل ویب سائٹ سے لیے گئے اعداد و شمار سے لگاسکتے ہیں ، جس سے حقیقت سامنےآتی ہے۔

2022 میں تقریباً 7 لاکھ 65 ہزار پاکستانی باہر گئے، جن میں 92 ہزاراعلٰی تعلیم یافتہ ماہر تھے۔

2023 میں یہ تعداد 8 لاکھ 60 ہزار کے قریب ہوئی، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ ہنر مند اور پیشہ ور شامل تھے جن میں 8,741 انجینئرز، 7,390 اکاؤنٹنٹس، 3,486 ڈاکٹرز، 45 ہزار سے زیادہ آئی ٹی ایکسپرٹس، مینیجرز اور نرسیں۔ 2024 میں 7 لاکھ 27 ہزار لوگ گئے، جن میں تقریباً 2 لاکھ بہترین ہنر مند۔

2025 میں 7 لاکھ 63 ہزار سے زیادہ، جن میں 18,352 اعٰلی تعلیم یافتہ پیشہ ور اور 13,657 اعلٰی تربیت یافتہ۔ صرف ڈاکٹروں کی بات کریں تو ہر سال 4 سے 5 ہزار ڈاکٹرز پاکستان چھوڑ رہے ہیں۔ انجینئرز 11ہزار، اکاؤنٹنٹس 13 ہزار۔

بیورو آف امیگریشن کے اعداد و شمار اور ورلڈ بینک کی رپورٹس بتا رہی ہیں۔ ہر سال پاکستان کا معیشت کو 4.2 ارب ڈالر کا موقع ضائع ہو رہا ہے۔

ہمارا مستقبل، ہماری ایجادات، ہماری جدت باہر جا رہی ہے۔ ذرا سوچیں کہ اگر یہ دماغ یہاں رہتے تو کیا ہوتا؟

اگر ہمارے پاس ان کے لیے ایسا نظام ہوتا، جہاں میریٹ سب سے اوپر ہو، جہاں یونیورسٹیوں میں سیاسی مداخلت نہ ہو، جہاں ریسرچ کے لیے فنڈز ہوں، آزادی ہو تو یہ نوجوان پاکستان کو آئی ٹی کا حب بنا دیتے، میڈیکل ریسرچ میںآگے ہوتے، زراعت میں انقلاب لے آتے۔

ہمارے نوجوانوں کو نوکریاں ملتیں، معیشت آگے بڑھتی۔ یہی وہ چیز ہے جو قوموں کی تقدیر بدلتی ہے۔ اس کی ایک مثال جنوبی کوریا کی ہے 1960 کی دہائی میں ہم سے بھی بدتر حالات تھے لیکن آج ٹیکنالوجی کی سپر پاور ہے۔ وجہ؟ انہوں نے اپنےنوجوانوں کی قدر کی، انہیں مواقع دیئے۔

اب ذرا آپ پاکستان کی تعلیم اور سائنس پر توجہ اور خرچ دیکھیں تو دل بیٹھ جاتا ہے۔حالیہ اقتصادی رپورٹس اور عالمی اداروں کے اعداد و شمار ہمارے تعلیمی نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔

پاکستان اس وقت اپنے جی ڈی پی (مجموعی قومی پیداوار) کا محض 0.8 فیصد تعلیم پر خرچ کر رہا ہے، جبکہ یونیسکو کے مطابق یہ شرح کم از کم 4 سے 6 فیصد ہونی چاہیے۔ بجٹ کی اس شدید کمی کا براہِ راست اثر ملک کی شرح خواندگی پر پڑ رہا ہے جو آج بھی 62 فیصد کے آس پاس رکی ہوئی ہے۔

یہاں رک کر ایک اور بات سوچیں۔ نوبل پرائز جو سائنس، ادب اور امن کا سب سے بڑا اعزاز ہے یہ بھی ایک آئینہ ہے کہ کن ممالک نے اسے حاصل کیا، جہاں ذہین دماغوں کی قدر کرتے ہیں۔ وہاں میریٹ ہے، تحقیق کی آزادی ہے، سیاست تعلیم سے دور ہے۔

دوسرے چھوٹے ممالک کو دیکھتے ہیں جن کی آبادی کراچی یا لاہور جتنی ہے۔سویڈن نے34 نوبل جیتے ،سوئٹزرلینڈ نے 27، پولینڈ نے 19، ہنگری نے 16 ناروے نے 14۔ ان کا تعلیمی نظام، ریسرچ کلچر اور میریٹ انہیں ترقی کی طرف گامزن کرتا ہے۔ وہاں بچےا سکول سے ہی سوچنا، ایجاد کرنا، سوال پوچھنا سیکھتے ہیں۔ یونیورسٹیاں آزاد ہیں، فنڈنگ بہت ہے۔

پوری مسلمان دنیا جس کی آبادی تقریباً 200 کروڑ آبادی ہے، انہوں نے سائنس کے شعبے میں صرف 4نوبل انعام جیتے ۔ عبدالسلام (پاکستان، فزکس 1979)، احمد زویل (مصر، کیمسٹری 1999)، عزیز سنکار (ترکی، کیمسٹری 2015)، مونگی باوندی (تونس نژاد، کیمسٹری 2023)۔ پاکستان کے پاس کل دو نوبل انعام ایک عبدالسلام، دوسرا ملالہ (پیس 2014)۔

باقی امن اور ادب میں کچھ نام ہیں جیسے انور السادات، یاسر عرفات، شیرین عبادی، محمد یونس، نجیب محفوظ، اورخان پاموک۔

لیکن سائنس میں؟ تقریباً کچھ نہیں۔ یہ کوئی مذہب کا مسئلہ نہیں، یہ سسٹم کا مسئلہ ہے۔ جہاں ذہنوں کو موقع ملتا ہے، وہاں وہ کھلتے ہیں۔

ہم اتنا پیچھے کیوں ہیں تو وجہ ہمارے لیڈرز یعنی سیاستدان جو اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں اور ملک و قوم کی تقدیر ان کے ہاتھ میں ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان سب کے کے دماغ میں صرف ایک چیز ہے، اپنی کرسی کو مضبوط کرنا، خاندان کو آگے بڑھانا، ووٹ بینک بنانا۔ تعلیم، سائنس، میریٹ، یہ ان کے ایجنڈے میں نہیں جو ہو رہا ہے وہ اقرابا پروری اور سفارش کے چنگل میں پھنس جاتا ہے۔

سرکاری اسکولوں کو تباہ حالی کسی کو نظر نہیں آرہی بھی ، یونیورسٹیوں میں اپنے چہیتوں سے بھر دیتے ہیں، ریسرچ فنڈز کو اپنی جیب میں ڈال لیتے ہیں۔ ان کے اپنے بچے لندن، امریکا، کینیڈا کی بہترین یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں، جبکہ یہاں کے بچوں کو فرسٹریشن دی جاتی ہے اور اس سب کے نتیجے میں ہماری ذہین ذہن پاکستان سے بھاگ رہے ہیں۔

سب سے اہم چیز جو ان کو وہاں ملتی ہے وہ ہیں ’’مواقع‘‘۔ کینیڈا میں اسکالر شپس، امریکا میں ریسرچ گرانٹس، یورپ میں اچھی تنخواہیں، جدید لیبز، آزادی۔ کوئی نہیں پوچھتا کہ تمہارا باپ کون ہے، تمہارا سیاسی تعلق کیا ہے۔ صرف ان کام دیکھا جاتا ہے۔ وہاں میریٹ ہے، وہاں ترقی ہے، وہاں قدر ہے۔

اگر یہ سب دماغ روک لیے ہوتے، اگر میرٹ (Meritocracy) کا نظام سختی سے نافذ کیا گیا ہوتا، تو آج پاکستان عالمی سطح پر ایک مضبوط معاشی، تعلیمی اور تکنیکی قوت بن چکا ہوتا۔ سفارشی کلچر، سیاسی مداخلت اور کرپشن کی جگہ جب قابل اور موزوں ترین افراد کو ذمہ داریاں ملتیں، تو ملک کی تقدیر یکسر بدل جاتی۔

آئی ٹی ایکسپورٹس 50 ارب ڈالر، زرعی پیداوار دگنی، نوجوانوں کو روزگار، ایجادات کا سیلاب۔ کوریا جیسا اکانومک ہوسکتی تھی لیکن سماجی ماہرین کے مطابق، مارکیٹ میں ملازمتوں کے موزوں مواقع نہ ہونے اور معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی بڑھی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا کریں؟ ہمیں تعلیم پر جی ڈی پی کا کم از کم 4 سے 6 فیصد خرچ کرنا چاہیے، جیسا بین الاقوامی معیار ہے۔

آر اینڈ ڈی پر 2 فیصد تک لے جانا چاہیے۔ نوکریاں، پروموشن، اسکالرشپس سب صرف میریٹ پر ہوں۔ یونیورسٹیوں سے سیاست نکال دیں۔ ریسرچرز کو اچھی تنخواہ، جدید لیبز، پروٹیکشن دیں۔ برینڈرین کو برین گین میں بدلیں، جو واپس آئے، انہیں ٹیکس چھوٹ، فنڈنگ اور عزت دیں۔

ہمیں اور ہمارے ان سیاستدانوں کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ جو نوجوان پاکستان چھوڑ کر جارہے ہیں یہ ہمارے ہیں ان کے دماغ ہمارے ہیں، اگر ہم اب بھی سوئے رہے تو کل ہمارے بچے بھی باہر جا کر دوسروں کے لیے کام کریں گے، ہماری کہانیاں سنائیں گے۔

سوچیں، بات کریں، آواز اٹھائیں، تعلیم پر سرمایہ کاری پاکستان کو بدل سکتی ہے۔