• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کلاؤڈ کمپیوٹنگ‘‘ اس میں مہارت روشن مستقبل کی کنجی ہے

محمد راحیل رشید

کلاؤڈ کامپوٹنگ ایک ایسی ٹیکنالوجی جو نوجوانوں کو مستقبل کے لئے تیار کر رہی ہے۔ یہ صرف ایک ٹیکنیکل اصطلاح نہیں بلکہ ایک ایسا انقلاب ہے، جس نے دنیا بھر کے کام کرنے کے طریقے بدل دیے، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے یہ میدان بے شمار مواقع اور ترقی کے دروازے کھول رہا ہے سوال یہ ہے کہ آخر یہ ہے کیا ؟

سادہ الفاظ میں، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا مطلب ہے کہ آپ اپنے ڈیٹا، سافٹ ویئر اور سسٹمز کو اپنے کمپیوٹر کے بجائے انٹرنیٹ پر موجود سرورز پر محفوظ کریں اور وہیں سے استعمال کریں۔ جیسے ہم Google Drive یا Dropbox استعمال کرتے ہیں، ایک ایسا نظام ہے، جس میں ڈیٹا، سافٹ ویئر اور دیگر کمپیوٹنگ وسائل انٹرنیٹ کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں۔

پہلے ہر چیز کمپیوٹر میں محفوظ کرنی پڑتی تھی، لیکن اب اپنی فائلز، تصاویر اور معلومات کو انٹرنیٹ پر محفوظ کر سکتے ہیں اور دنیا کے کسی بھی کونے سے ان تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر Google Drive اور Dropbox جیسے پلیٹ فارمز نے ہماری زندگی کو بہت آسان بنا دیا ہے،جہاں ہر شعبہ زندگی ٹیکنالوجی کے زیرِ اثر ہے۔ ایسے میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک ایسی ٹیکنالوجی کے طور پر ابھری ہے جس نے نوجوانوں کے لیے نئے کیریئر کے مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔

چھوٹے کاروبار ہوں یا بڑی کمپنیاں، سب ہی اب اس کا استعمال کر رہی ہیں، تاکہ اخراجات کم کر سکیں اور کام کو زیادہ مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں۔ اس کے ذریعے ڈیٹا کو محفوظ رکھنا، اسے تیزی سے شیئر کرنا، اور مختلف ٹیموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا انتہائی آسان ہو گیا ہے، وہ اپنی ضروریات کے مطابق وسائل کو بڑھا یا کم کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے ماہرین کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

نوجوان نسل کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اس شعبے میں مہارت حاصل کر کے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھیں۔ یہ کم خرچ میں سیکھا ہی نہیں، گھر بیٹھے آن لائن کام بھی کیا جا سکتا ہے، عالمی مارکیٹ میں کام کے مواقع، فری لانسنگ کے دروازے کھولتے ہیں۔

یہ ٹیکنالوجی نہ صرف سہولت بلکہ وقت اور پیسے کی بچت کے ساتھ نوجوانوں کو عالمی سطح پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ آج ایک نوجوان گھر بیٹھے دنیا کے کسی بھی ملک کے لیے کام کر سکتا ہے۔ فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے متعلقہ مہارتوں کی بہت زیادہ مانگ ہے، اور یہ مانگ وقت کے ساتھ مزید بڑھ رہی ہے۔

دنیا میں کئی بڑی کمپنیاں اس میدان میں کام کر رہی ہیں، جیسے Amazon Web Services، Microsoft Azure، اور Google Cloudوغیرہ ۔یہ کمپنیاں نہ صرف خدمات فراہم کرتی ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز اور سرٹیفیکیشنز بھی پیش کرتی ہیں، جو ان کے کیریئر کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اگر کوئی نوجوان اس میدان میں قدم رکھنا چاہتا ہے تو اسے سب سے پہلے بنیادی آئی ٹی مہارتیں سیکھنی ہوں گی۔ کمپیوٹر کی بنیادی سمجھ، نیٹ ورکنگ، اور آپریٹنگ سسٹمز کا علم ضروری ہے۔ نوجوان بنیادی کمپیوٹر علم کے ساتھ ساتھ نیٹ ورکنگ اور پروگرامنگ بھی سیکھیں۔ Python اور JavaScript جیسی زبانیں اس فیلڈ میں بہت مفید ثابت ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ Linux کا علم بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ زیادہ تر کلاؤڈ سسٹمز اسی پر کام کرتے ہیں، اس کے بعد وہ کلاؤڈ پلیٹ فارمز کی طرف جا سکتا ہے اور مختلف کورسز کے ذریعے اپنی مہارت کو بہتر بنا سکتا ہے۔

پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں بھی کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی اہمیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ مختلف ادارے اور کمپنیاں ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کلاؤڈ ٹیکنالوجی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نوجوان اگر اس موقع سے فائدہ اٹھائیں تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ ملک کے لیے بھی ترقی کے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ چھوٹے چھوٹے پراجیکٹس بنائیں، اپنی مہارت کو آزمائیں اور غلطیوں سے سیکھیں۔ یہی تجربہ انہیں ایک کامیاب پروفیشنل بننے میں مدد دے گا۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے شعبے میں کئی مختلف کیریئر آپشنز موجود ہیں، جیسے کہ Cloud Engineer، DevOps Engineer، Data Analyst، اور Cyber Security Specialist۔ ڈیجیٹل دنیا میں ڈیٹا کی اہمیت بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان شعبوں کی ضرورت بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ مثال کے طور پر کلاؤڈ انجینئرز ،کلاؤڈ سسٹمز کو ڈیزائن اور مینیج کرتے ہیں، کمپنیوں کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے اور سسٹمز کو موثر طریقے سے چلانے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

کلاؤڈ ڈیولپرز ، کلاؤڈ بیسڈ ایپلیکیشنز تیار کرتے ہیں، جو آج کے دور میں ہر کمپنی کی ضرورت بن چکی ہیں۔ ایک اور اہم فائدہ یہ ہے کہ اس میں کام کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ کسی مخصوص جگہ پر موجود ہوں، گھر بیٹھے بھی کام کر سکتے ہیں، جس سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے نوجوان اس فیلڈ کی طرف تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔

ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو صحیح رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر نوجوان کلاؤڈ کمپیوٹنگ سیکھ لیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتے ہیں بلکہ ملک کی معیشت کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔پاکستان میں اس کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

مختلف آئی ٹی کمپنیاں اب کلاؤڈ بیسڈ سسٹمز کی طرف جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے اس شعبے میں ماہر افراد کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ نوجوان اس فیلڈ میں مہارت حاصل کرنا شروع کر دیں تو آنے والے چند سالوں میں وہ ایک کامیاب اور مستحکم کیریئر بناسکتے ہیں۔

بہت سےنوجوان گھر بیٹھے (Remote Work) کام کر رہے ہیں، یہ رجحان خاص طور پر فری لانسنگ کے شعبے میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے نصاب میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کریں، تاکہ طلبہ کو وقت کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔ اگر طلبہ کو ابتدائی سطح پر ہی کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے متعارف کرایا جائے تو وہ مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ صرف ٹیکنیکل لوگوں کے لیے نہیں ہے۔ اگر کسی کا تعلق بزنس، مینجمنٹ یا کسی اور شعبے سے ہے تو وہ بھی اس ٹیکنالوجی کو سیکھ کر اپنے کام کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اس طرح یہ ایک ہمہ جہت میدان ہے جو ہر کسی کے لیے مواقع فراہم کرتا ہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک ایسا دروازہ ہے جو کامیابی کی نئی راہیں کھولتا ہے۔ جو نوجوان اس دروازے کو کھولنے کی ہمت کرے گا، وہی آگے بڑھ سکے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور اپنے آپ کو اس کے مطابق ڈھالیں۔

نوجوان سے مزید