• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

امریکا میں کل(3 نومبر) کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ملک کا سیاسی ماحول غیر معمولی طور پر گرم ہو گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے دوران ہونے والے ان انتخابات میں امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کی طاقت کا توازن، ریاستی حکومتوں کی قیادت اور آئندہ 2 برس کی قانون سازی کا رخ داؤ پر لگا ہوا ہے۔

ڈیموکریٹس کی ایوانِ نمائندگان میں برتری

تازہ قومی سرویز میں ڈیموکریٹس کی ایوانِ نمائندگان میں برتری دکھائی جا رہی ہے، اس طرح سینیٹ کی 7 اہم نشستوں پر سخت مقابلہ جاری ہے جب کہ گورنرز کے انتخابات میں بھی کئی ریاستوں کا سیاسی توازن بدلنے کا امکان زیرِ بحث ہے۔

اب تک تقریباً 5 کروڑ امریکی عام انتخابات میں قبل از وقت ووٹ ڈال چکے ہیں اور سب کی نظریں اس سوال پر مرکوز ہیں کہ کیا ڈیموکریٹس کانگریس میں ری پبلکنز کی اکثریت ختم کر سکیں گے یا صدر ٹرمپ کی جماعت اپنی سیاسی برتری برقرار رکھے گی؟

وسط مدتی انتخابات میں امریکی ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں، سینیٹ کی 35 نشستوں اور 36 ریاستوں کے گورنروں کا انتخاب کیا جائے گا، ان میں سینیٹ کی 33 معمول کی اور 2 خصوصی نشستیں شامل ہیں۔

امریکا میں ریاستی انتخابی دفاتر، امریکی کانگریس کے سرکاری ریکارڈ، ریئل کلیئر پولنگ، کُک پولیٹکل رپورٹ، سباتوز کرسٹل بال، بیلوٹ پیڈیا اور دیگر انتخابی تحقیقی اداروں سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق اس انتخاب میں ملک بھر میں ووٹرز کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے، جب کہ کئی ریاستوں میں مقابلے کا فرق اتنا کم ہے کہ انہیں انتخابی تجزیہ کار ’Toss-up‘ یعنی غیر یقینی قرار دے رہے ہیں۔

اس وقت امریکی سینیٹ کی مجموعی 100 نشستوں میں ری پبلکن پارٹی کے 53، ڈیموکریٹک پارٹی کے 45 اور 2 آزاد سینیٹرز شامل ہیں، دونوں آزاد سینیٹرز، برنی سینڈرز اور اینگس کنگ، ڈیموکریٹس کے ساتھ پارلیمانی اتحاد میں شامل ہیں۔

اس طرح سینیٹ میں عملی جماعتی تقسیم 53 ری پبلکنز کے مقابلے میں 47 ڈیموکریٹک اتحاد کی نشستوں کی ہے۔

تازہ ریکارڈ کے مطابق ایوانِ نمائندگان یعنی کانگریس میں اس وقت 218 ری پبلکن، 214 ڈیموکریٹ،1 آزاد رکن اور 2 نشستیں خالی ہیں اور آزاد رکن ری پبلکنز کے ساتھ منسلک ہے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ یہ موجودہ اراکین کی تعداد ہے اسے نومبر کے انتخابات کے بعد حاصل ہونے والی نشستوں کی تعداد نہیں سمجھنا چاہیے۔

ایوان کی مکمل 435 نشستوں کی اکثریت کے لیے 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

اس طرح سینیٹ میں ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل کرنے کے لیے موجودہ جماعتی توازن میں کم از کم 4 نشستوں کا خالص اضافہ درکار ہے، اس کے برعکس ایوانِ نمائندگان میں معمولی تبدیلی بھی پارلیمانی کنٹرول کو متاثر کر سکتی ہے۔

کانگریس کے لیے قومی ووٹرز کی جماعتی ترجیح کو جانچنے والے ادارے جینریک کانگریشنل بیلٹ کے تازہ سروے میں ڈیموکریٹس کی برتری دکھائی جا رہی ہے۔

ریئل کلیئر پولنگ کی 9 سے 30 اکتوبر تک کی پولنگ اوسط میں ڈیموکریٹس کو 51.8 فیصد اور ری پبلکنز کو 43.3 فیصد حمایت ملی یعنی دونوں پارٹیز میں 8.5 پوائنٹس کا فرق ہے۔

این بی سی نیوز کے 28 سے 30 اکتوبر کے سروے میں ڈیموکریٹس کو 52 اور ری پبلکنز کو 45 فیصد حمایت ملی۔

ایمرسن کالج کے 24 سے 26 اکتوبر کے سروے میں ڈیموکریٹس کو 52 اور ری پبلکنز کو 42 فیصد، آئی پی ایس او ایس کے سروے میں ڈیموکریٹس کو 53 اور ری پبلکنز کو 44 فیصد جبکہ سی بی ایس نیوز کے سروے میں ڈیموکریٹس کو 53 اور ری پبلکنز کو 45 فیصد حمایت ملی۔

اس کے علاوہ ہارورڈ-ہیرس کے سروے میں ڈیموکریٹس کی برتری نسبتاً کم یعنی 52 کے مقابلے میں 48 فیصد رہی۔

سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ سروے اداروں، سوالات اور ووٹرز کے نمونوں کے لحاظ سے فرق موجود ہے۔

بیلوٹ پیڈیا کے 30 اکتوبر کے پولنگ انڈیکس میں ڈیموکریٹس کی قومی برتری تقریباً 8 پوائنٹس درج کی گئی۔

سروے کے ان نتائج کو براہِ راست نشستوں میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا کیونکہ امریکی ایوانِ نمائندگان کانگریس کے ممبران کا انتخاب قومی مجموعی ووٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ 435 الگ الگ حلقوں میں ہوتا ہے اور کسی جماعت کو قومی سطح پر زیادہ ووٹ ملنے کے باوجود بعض حلقوں میں شکست ہو سکتی ہے۔

اس حوالے سے کُک پولیٹیکل رپورٹ نے 30 اکتوبر کی تازہ درجہ بندی میں 435 میں سے 222 نشستوں کا جھکاؤ ڈیموکریٹک اور 195 کا جھکاؤ ری پبلکن کی جانب دکھایا ہے، اس طرح 18 نشستیں غیر یقینی مقابلوں میں شمار کی جا رہی ہیں۔

ان 222 اور 195 نشستوں میں مضبوط، ممکنہ اور جھکاؤ کی 3 مختلف درجہ بندیاں شامل ہیں، یہ نشستیں کسی جماعت کو حاصل ہو جانے کا اعلان نہیں بلکہ ان کے انتخابی حالات کا تجزیہ ہیں۔

کُک پولیٹیکل رپورٹ نے اکتوبر کے آخری ہفتے میں متعدد حلقوں کی درجہ بندی ڈیموکریٹس کے حق میں تبدیل کی ہے، جب کہ اس کی 30 اکتوبر کی رپورٹ میں ڈیموکریٹس کی جانب ممکنہ طور پر 12 سے 25 اضافی نشستیں حاصل کرنے کے منظر نامے کا ذکر ہوا۔

دوسری جانب ان سائیڈ الیکشن اور سباتوز کرسٹل بال کی درجہ بندیوں میں بھی اکتوبر کے دوران کئی ری پبلکن نشستیں زیادہ مسابقتی قرار پائیں۔

یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ یہ الگ الگ تجزیاتی اداروں کے اندازے ہیں، کوئی مشترکہ یا متفقہ نتیجہ نہیں۔

ری پبلکنز کے زیرِ قبضہ یا ان سے خالی ہونے والی جن 14 نشستوں کو کُک پولیٹیکل رپورٹ نے سخت مقابلے میں رکھا ہے، ان میں کیلیفورنیا کا حلقہ 22، جہاں موجودہ رکن ڈیوڈ والاڈاؤ ہیں، کولوراڈو کا حلقہ 5، جہاں موجودہ رکن جیف کرینک ہیں اور آئیووا کا حلقہ 2، جو ایشلے ہنسن کے سینیٹ امیدوار بننے کے بعد خالی ہے۔

کینٹکی کے حلقہ 6 میں اینڈی بار، مشی گن کے حلقہ 4 میں بل ہائوزنگا، حلقہ 7 میں ٹام بیریٹ اور حلقہ 10 میں جان جیمز کی خالی ہونے والی نشستوں کے مقابلے بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں۔

مونٹانا کا پہلا حلقہ جو ریان زنکی کی روانگی کے بعد خالی ہے، نیویارک کا حلقہ 17 جہاں مائیک لالر موجودہ رکن ہیں، اوہائیو کا حلقہ 7 جہاں میکس ملر موجودہ رکن ہیں، پنسلوانیا کا حلقہ 1 جہاں برائن فٹز پیٹرک موجودہ رکن ہیں، جنوبی کیرولائنا کا حلقہ 1 جو نینسی میس کی سابقہ نشست ہے، ٹیکساس کا حلقہ 15 جہاں مونیکا ڈی لا کروز موجودہ رکن ہیں اور ورجینیا کا حلقہ 1 جہاں راب وٹمن موجودہ رکن ہیں، ان تمام حلقوں میں غیر یقینی مقابلے متوقع ہیں۔

ڈیموکریٹس کی 4 نشستیں بھی سخت مقابلوں میں شامل ہیں، ان نشستوں میں فلوریڈا کا حلقہ 14 جہاں کیتھی کاسٹر موجودہ رکن ہیں، فلوریڈا کا حلقہ 22 جو لوئس فرینکل کے جانے کے بعد خالی ہوا، شمالی کیرولائنا کا حلقہ 1 جہاں ڈان ڈیوس موجودہ رکن ہیں اور گریگ کسار کے جانے کے بعد خالی ہونے والی ٹیکساس کے حلقہ 35 کی نشست شامل ہے۔

علاوہ ازیں الاباما اور مین کا حلقہ 2، فلوریڈا اور اوہائیو کا حلقہ 9 جبکہ پنسلوانیا کا حلقہ 8، یہ ڈیموکریٹس کی ایسی نشستیں ہیں جنہیں کُک پولیٹیکل رپورٹ کی تازہ درجہ بندی میں ری پبلکن جھکاؤ کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔

یہ تمام تفصیلات واضح کرتی ہیں کہ دونوں جماعتوں کے پاس ایسی نشستیں ہیں جنہیں بچانے کے لیے سخت مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ کئی دوسری نشستیں موجودہ جماعت سے مخالف جماعت کی طرف منتقل ہونے کے امکانات کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز ہیں۔

امریکی سینیٹ کی 35 نشستوں پر بھی سخت مقابلہ

امریکی سینیٹ کے انتخابات اس مرتبہ غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ری پبلکنز کے پاس 53 نشستوں کی اکثریت ہے اور ڈیموکریٹس اس توازن کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

35 زیرِ انتخاب نشستوں میں 22 اس وقت ری پبلکنز اور 13 ڈیموکریٹس کے پاس ہیں، جن میں سے 6 ری پبلکن نشستوں اور 1 ڈیموکریٹک نشست کو کُک پولیٹیکل رپورٹ نے 30 اکتوبر کی درجہ بندی میں غیر یقینی قرار دیا ہے۔

الاسکا سے ٹیکساس تک 7 اہم مقابلے

امریکا کی ریاست الاسکا سے ٹیکساس تک 7 اہم مقابلے ہو رہے ہیں ، الاسکا میں موجودہ ری پبلکن سینیٹر ڈین سلیوان کا مقابلہ ڈیموکریٹک امیدوار میری پیلٹولا سے ہے۔

پیلٹولا اس سے قبل امریکی ایوانِ نمائندگان میں الاسکا کی نمائندگی کر چکی ہیں، کُک پولیٹیکل رپورٹ نے الاسکا کو غیر یقینی قرار دیا ہے۔

ریاست آئیووا میں ری پبلکن سینیٹر جونی ارنسٹ کے انتخاب نہ لڑنے کے باعث ایک نشست خالی ہے، یہاں ری پبلکن امیدوار ایشلے ہنسن کا مقابلہ ڈیموکریٹک امیدوار جوش ٹیورک سے ہے، سرویز کے بعض ماڈلز میں مقابلہ انتہائی قریب دکھایا گیا ہے۔

ریاست کنساس میں ری پبلکن سینیٹر راجر مارشل کا مقابلہ ڈیموکریٹک امیدوار ایڈم ہیملٹن سے ہے، کنساس کی نشست بھی کُک پولیٹیکل رپورٹ کی غیر یقینی درجہ بندی میں شامل ہے۔

ریاست مین میں ری پبلکن سینیٹر سوزن کولنز کے سامنے ڈیموکریٹک امیدوار ٹرائے جیکسن ہیں۔

ریاست مین اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ ایسی ریاست ہے جہاں 2024ء کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو کامیابی ملی تھی لیکن یہاں سینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے پاس ہے۔

ریاست مشی گن میں ڈیموکریٹک سینیٹر گیری پیٹرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد مسلمان امریکی عبدالسید ڈیموکریٹک امیدوار ہیں، جن کا مقابلہ ری پبلکن مائیک راجرز سے ہے، یہ ڈیموکریٹس کی اپنی نشست ہے جس کا دفاع انہیں کرنا ہے۔

ریاست اوہائیو میں خصوصی سینیٹ انتخاب کے لیے موجودہ ری پبلکن سینیٹر جان ہسٹڈ اور سابق ڈیموکریٹک سینیٹر شیروڈ براؤن آمنے سامنے ہیں، یہاں بھی انتخابی سرویز اور درجہ بندیوں نے سخت مقابلے کی نشاندہی کی ہے۔

ریاست ٹیکساس میں ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن اور ڈیموکریٹک امیدوار جیمز ٹیلاریکو کے درمیان مقابلہ سخت ہے، جان کارنن کی سابقہ نشست پر ہونے والے اس انتخاب میں اکتوبر کے متعدد سرویز نے دونوں امیدواروں کے درمیان معمولی فرق دکھایا ہے۔

ان 7 مقابلوں میں 6 نشستیں پہلے سے ری پبلکنز کے پاس ہیں، جبکہ مشی گن کی نشست ڈیموکریٹس کے پاس ہے، اس لیے یہ 7 ریاستیں انتخابات کے بعد سینیٹ میں توازن تبدیل ہونے کی بحث میں مرکزی اہمیت رکھتی ہیں۔

وسط مدتی انتخابات میں شمالی کیرولائنا اور جارجیا کی اہمیت

وسط مدتی انتخابات میں شمالی کیرولائنا اور جارجیا کے انتخابات بھی اہم ہیں، شمالی کیرولائنا میں ری پبلکن سینیٹر تھام ٹلس کے انتخاب نہ لڑنے کے بعد سابق ڈیموکریٹک گورنر رائے کوپر کا مقابلہ ری پبلکن امیدوار مائیکل واٹلی سے ہے۔

کُک پولیٹیکل رپورٹ نے اس نشست کو ممکنہ ڈیموکریٹ کے زمرے میں رکھا ہے حالانکہ یہ فی الحال ری پبلکن نشست ہے اس لیے یہ ڈیموکریٹس کے لیے اہم ترین ممکنہ نئی نشستوں میں شامل ہو سکتی ہے۔

ریاست جارجیا میں موجودہ ڈیموکریٹک سینیٹر جان اوسوف کے سامنے ری پبلکن امیدوار مائیک کولنز ہیں۔

کُک پولیٹیکل رپورٹ نے اسے ممکنہ ڈیموکریٹ قرار دیا ہے، تاہم یہ ڈیموکریٹس کے لیے اپنی نشست برقرار رکھنے کا مقابلہ ہے۔

ریاست نیو ہیمپشائر اور منی سوٹا

ریاست نیو ہیمپشائر میں کرس پاپاس اور ری پبلکن جان سنونو جبکہ ریاست منی سوٹا میں پیگی فلینیگن اور ری پبلکن میشیل ٹافویا مقابلے میں ہیں، یہ دونوں نشستیں اس وقت ڈیموکریٹس کے پاس ہیں اور انہیں برقرار رکھنا ان کے لیے اہم ہے۔

امریکا کی دیگر ریاستوں میں سینیٹ کے انتخابات میں ری پبلکن نشستوں میں ریاست فلوریڈا کے خصوصی انتخاب میں ایشلے موڈی کے مقابلے میں ڈیموکریٹک امیدوار اینجی نکسن، نیبراسکا میں پیٹ رِکٹس کے مقابلے میں آزاد امیدوار ڈین اوسبورن، ریاست جنوبی کیرولائنا میں گراہم کے مقابلے میں ڈیموکریٹک امیدوار اینی اینڈریوز اور ریاست مسیسیپی میں سنڈی ہائیڈ اسمتھ کے مقابلے میں اسکاٹ کولم ہیں۔

اس کے علاوہ دیگر ریاستوں الاباما، آرکنساس، آئیڈاہو، کینٹکی، لوزیانا، مونٹانا، اوکلاہوما، جنوبی ڈکوٹا، ٹینیسی، ویسٹ ورجینیا اور وائیومنگ میں بھی سینیٹ انتخابات ہو رہے ہیں۔

کُک پولیٹیکل رپورٹ کی درجہ بندی میں ان میں سے زیادہ تر نشستیں ری پبلکنز کے مضبوط زمرے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس کے پاس موجود کولوراڈو، ڈیلاویئر، الینوائے، میساچوسٹس، نیو جرسی، نیو میکسیکو، اوریگن، رہوڈ آئی لینڈ اور ورجینیا کی نشستیں ڈیموکریٹ کی مضبوط نشیشتیں ہیں، ان ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں مگر انہیں 7 انتہائی غیر یقینی ریاستوں جیسی مسابقتی درجہ بندی نہیں دی گئی۔

سرویز کے مطابق انتخابی درجہ بندیوں کی بنیاد پر ڈیموکریٹس کے لیے ممکنہ طور پر نئی نشست حاصل کرنے والے نمایاں مقابلے جن ریاستوں میں متوقع ہیں ان میں شمالی کیرولائنا، مین، الاسکا، آئیووا، کنساس، اوہائیو اور ٹیکساس شامل ہیں جبکہ اس کے برعکس مشی گن میں ایک ایسی ڈیموکریٹک نشست ہے جہاں ری پبلکنز ان سے سخت مقابلہ کر رہے ہیں۔

جارجیا، نیو ہیمپشائر اور منی سوٹا میں بھی ڈیموکریٹس کو اپنی نشستوں کا دفاع کرنا ہے، اگرچہ کُک پولیٹیکل رپورٹ ان تینوں کو فی الحال مختلف درجوں میں ڈیموکریٹک جھکاؤ کی نشستیں قرار دے رہی ہے۔

اس حوالے سے یہ بات قابلِ غور ہے کہ سینیٹ کی مجموعی اکثریت محض 1 یا 2 نمایاں ریاستوں کے نتائج پر منحصر نہیں ہو گی، بلکہ کئی مختلف مقابلوں میں نشستوں کے خالص اضافے یا کمی سے طے ہو گی اس لیے کسی ایک ریاست میں سروے کی برتری کو سینیٹ کی مجموعی کامیابی کا ثبوت نہیں سمجھنا چاہیے۔

دوسری جانب امریکا کی 50 ریاستوں میں اس وقت 26 ری پبلکن اور 24 ڈیمو کریٹک گورنرز ہیں، جن میں سے 3 نومبر کو 36 ریاستوں میں گورنر منتخب کیے جائیں گے۔

اس مرتبہ متعدد گورنر اپنی مدتِ اقتدار کی آئینی پابندی یا دیگر وجوہات کی بنا پر دوبارہ انتخاب نہیں لڑ رہے، جس کے باعث کئی ریاستوں میں نئے امیدوار سامنے آئے ہیں۔

سب سے زیادہ مسابقتی ریاستیں

کُک پولیٹیکل رپورٹ کی 30 اکتوبر کی درجہ بندی میں جارجیا، کنساس اور نیواڈا کو غیر یقینی قرار دیا گیا ہے۔

ڈیسیشن ڈیسک ایچ کیو نے اپنی 31 اکتوبر کی درجہ بندی میں 2 ریاستوں نیواڈا اور اوہائیو کو غیر یقینی کیٹیگری میں رکھا ہے، دونوں اداروں کی درجہ بندی میں یہ اختلاف اہم ہے، کیونکہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف تجزیاتی ماڈلز میں انتخابی صورتحال کا اندازہ یکساں نہیں۔

ریاست جارجیا میں سابق ڈیموکریٹک میئر کیشا لانس باٹمز کا مقابلہ ری پبلکن رک جیکسن سے ہے جبکہ موجودہ گورنر برائن کیمپ مدتِ اقتدار کی پابندی کے باعث دوبارہ انتخاب نہیں لڑ سکتے۔

ریاست نیواڈا میں موجودہ ری پبلکن گورنر جو لومبارڈو کے سامنے ڈیموکریٹک امیدوار ایرون فورڈ ہیں، جو ریاست کے اٹارنی جنرل ہیں۔

ریاست کنساس میں ڈیموکریٹک امیدوار سنڈی ہولشر اور ری پبلکن ٹائی ماسٹر سن مدِ مقابل ہیں، کُک پولیٹیکل رپورٹ نے کنساس کو غیر یقینی جبکہ ڈی ڈی ایچ کیو نے ریپبلکن کی جانب جھکاؤ قرار دیا ہے۔

ریاست اوہائیو میں ڈیموکریٹک امیدوار ایمی ایکٹن اور ری پبلکن وویک راماسوامی آمنے سامنے ہیں، ڈی ڈی ایچ کیو اسے غیر یقینی جبکہ کُک پولیٹیکل رپورٹ نے ڈیموکریٹک جھکاؤ کا مقابلہ قرار دیا ہے۔

امریکا میں وہ ریاستیں جہاں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کے درمیان گورنر کے عہدے کے لیے سخت مقابلہ ہے، ان میں ریاست الاسکا میں ڈیموکریٹک امیدوار جوناتھن کریس ٹامکنز کے مقابلے میں ری پبلکن امیدوار برناڈیٹ ولسن شامل ہیں، یہاں رینکڈ چوائس ووٹنگ کا نظام بھی انتخابی عمل کو عام ریاستوں سے مختلف بناتا ہے۔

ریاست آئیووا میں ڈیموکریٹک امیدوار راب سینڈ اور ری پبلکن امیدوار زیک لان، ریاست وسکونسن میں ڈیموکریٹک امیدوار ڈیوڈ کراؤلی اور ری پبلکن امیدوار ٹام ٹفنی جبکہ ریاست مشی گن میں ڈیموکریٹک امیدوار جوسلین بینسن اور ری پبلکن امیدوار جان جیمز آمنے سامنے ہیں۔

ریاست ایریزونا میں موجودہ ڈیموکریٹک گورنر کیٹی ہوبز اور ری پبلکن امیدوار اینڈی بگز، ریاست فلوریڈا میں ری پبلکن امیدوار بائرن ڈونلڈز اور ڈیموکریٹک امیدوار ڈیوڈ جولی، ریاست ٹیکساس میں موجودہ ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ اور ڈیموکریٹک امیدوار جینا ہینوہوزا، ریاست اوریگن میں موجودہ ڈیموکریٹک گورنر ٹینا کوٹیک اور ری پبلکن امیدوار کرسٹین ڈریزن جبکہ ریاست نیو ہیمپشائر میں موجودہ ری پبلکن گورنر کیلی ایوٹ کے مقابلے میں ڈیموکریٹک امیدوار سنڈی وارمنگٹن ہیں۔

اسی طرح ریاست کیلیفورنیا میں ڈیموکریٹک امیدوار زیویئر بیسیرا اور ری پبلکن امیدوار اسٹیو ہلٹن، کولوراڈو میں فل وائزر اور وکٹر مارکس، کنیکٹیکٹ میں نیڈ لیمونٹ اور ریان فازیو، ہوائی میں جوش گرین اور گیری کورڈری، جب کہ الینوائے میں موجودہ گورنر جے بی پرٹزکر اور ری پبلکن امیدوار ڈیرن بیلی مدِ مقابل ہیں۔

ریاست مین میں ہینا پنگری اور بابی چارلس، میری لینڈ میں ویس مور اور ڈین کاکس، میساچوسٹس میں مورا ہیلی اور مائیک منوگ، منی سوٹا میں ایمی کلوبوچار اور لیزا ڈیموتھ، نیو میکسیکو میں ڈیب ہالینڈ اور گریگ ہل جبکہ نیویارک میں کیتھی ہوکل اور بروس بلیک مین، ریاست پنسلوانیا میں موجودہ ڈیموکریٹک گورنر جوش شاپیرو اور اسٹیسی گیریٹی جبکہ رہوڈ آئی لینڈ میں ہیلینا فولکس اور ایرون گکیان آمنے سامنے ہیں۔

ری پبلکن زیرِ قیادت ریاستوں میں الاباما کے لیے ٹومی ٹبرول اور ڈگ جونز، آرکنساس میں سارہ ہکبی سینڈرز اور فریڈرک لوو، آئیڈاہو میں بریڈ لٹل اور ٹیری پکنز، نیبراسکا میں جم پلن اور لین والز جبکہ اوکلاہوما میں مائیک مازے اور سنڈی منسن کے درمیان مقابلہ ہے۔

ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایلن ولسن اور جرمین جانسن، جنوبی ڈکوٹا میں لیری روڈن اور ڈین اہلرز، ٹینیسی میں مارشا بلیک برن اور جیری گرین، ورمانٹ میں فل اسکاٹ اور امنڈا جانو جب کہ وائیومنگ میں ایرک بارلو اور کینتھ کاسنر امیدوار ہیں۔

یہ 36 ریاستوں کے نمایاں 2 بڑی جماعتوں کے امیدواروں کی تفصیل ہے، بعض ریاستوں میں آزاد اور چھوٹی جماعتوں کے امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ درجہ بندیوں میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ کئی ری پبلکن گورنروں کی موجودہ نشستوں پر ڈیموکریٹس نے سخت مقابلہ پیدا کیا ہے جبکہ چند ڈیموکریٹک نشستوں پر ری پبلکن امیدوار بھی مؤثر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

کُک پولیٹیکل رپورٹ کے مطابق الاسکا، آئیووا اور اوہائیو جیسی موجودہ ری پبلکن ریاستوں کو ڈیموکریٹک جھکاؤ قرار دیا گیا ہے، دوسری جانب جارجیا، کنساس اور نیواڈا غیر یقینی زمرے میں ہیں۔

ڈی ڈی ایچ کیو نے تمام 36 ریاستوں کی مجموعی درجہ بندی میں 7 کو ڈیموکریٹ، 9 کو ممکنہ ڈیموکریٹک، 4 کو ڈیموکریٹک جھکاؤ، 2 کو غیر یقینی، 5 کو ری پبلکن جھکاؤ، 4 کو ممکنہ ری پبلکن اور 5 کو ری پبلکن قرار دیا ہے۔

اس طرح 20 ریاستیوں کا ڈیموکریٹک کی جانب جھکاؤ ہے، 14 کا ری پبلکن کی جانب جھکاؤ ہے جبکہ 2 ریاستیں غیر یقینی زمرے میں آتی ہیں۔

یکم نومبر تک سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اب تک 47 رپورٹنگ ریاستوں میں تقریباً 4 کروڑ 94 لاکھ سے زائد ووٹ ڈالے جا چکے ہیں، جن میں 2 کروڑ 31 لاکھ کے قریب ڈاک کے ذریعے اور 2 کروڑ 63 لاکھ کے قریب براہِ راست ڈالے گئے ووٹ شامل ہیں۔

امریکا کی جن ریاستوں میں ووٹرز کی پارٹی رجسٹریشن دستیاب ہے، وہاں قبل از وقت ووٹ ڈالنے والوں میں ڈیموکریٹک رجسٹرڈ ووٹرز کا تناسب تقریباً 40.4 فیصد اور ری پبلکن رجسٹرڈ ووٹرز کا تناسب تقریباً 32.9 فیصد رہا جبکہ باقی آزاد یا دیگر جماعتوں سے منسلک ووٹرز ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ڈیموکریٹس یا ری پبلکنز کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد نہیں بلکہ صرف ووٹ ڈالنے والے افراد کی رجسٹریشن کا تناسب ہے، وہ بھی صرف ان ریاستوں کا جہاں یہ معلومات دستیاب ہیں۔

ریاست ٹیکساس، کیلیفورنیا، فلوریڈا، شمالی کیرولائنا، جارجیا اور واشنگٹن جیسی بڑی ریاستوں میں قبل از وقت ووٹنگ کی مجموعی تعداد قومی ٹرن آؤٹ کا اہم حصہ ہے، لیکن ان میں سے ہر ریاست پارٹی وار اعداد ایک ہی طریقے سے شائع نہیں کرتی، اس لیے مختلف ذرائع کے اندازوں کو حتمی ووٹ سمجھنا درست نہیں۔

قبل از وقت ووٹنگ کے اعداد سے یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ 3 نومبر کو کتنے مزید ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے اور وہ کن امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔

امریکی میڈیا میں اس وقت سب سے زیادہ توجہ ایوانِ نمائندگان کے ممکنہ جماعتی توازن، سینیٹ کی 7 سخت نشستوں اور گورنروں کے غیر یقینی مقابلوں پر ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی 31 اکتوبر کی رپورٹ میں کُک پولیٹیکل رپورٹ کے اس تجزیے کا ذکر کیا گیا کہ ڈیموکریٹس کے حق میں متعدد ایوانی حلقوں کی درجہ بندی تبدیل ہوئی ہے اور بعض انتخابی منظر ناموں میں ان کی مجموعی نشستیں 240 تک پہنچ سکتی ہیں، اس کے باوجود یہ حتمی نتائج نہیں بلکہ بیرونی تجزیہ کاروں کے اندازے ہیں۔

کانگریس یعنی ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز کے لیے چیلنج ان حلقوں میں اپنی نشستیں برقرار رکھنا ہے جہاں کُک پولیٹیکل رپورٹ نے مقابلے کی شدت بڑھنے کی نشاندہی کی ہے جبکہ ڈیموکریٹس کے لیے چیلنج یہ ہے کہ قومی سرویز میں حاصل شدہ برتری کو الگ الگ کانگریشنل حلقوں میں ووٹوں اور نشستوں میں تبدیل کر سکیں جبکہ سینیٹ میں صورتحال مختلف ہے۔

یہاں ڈیموکریٹس کو موجودہ ری پبلکن نشستوں میں خالص اضافہ کرنا ہو گا، لیکن اس کے ساتھ اپنی موجودہ نشستوں کا دفاع بھی ضروری ہے۔

اسی لیے شمالی کیرولائنا، مین، الاسکا، ٹیکساس، اوہائیو، آئیووا اور کنساس جیسے مقابلے اہم ہیں، جبکہ مشی گن کی نشست کا دفاع بھی ڈیموکریٹس کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

اس طرح گورنروں کے انتخابات میں قومی ووٹنگ کا کوئی ایک تناسب فیصلہ کن نہیں، کیونکہ ہر ریاست میں مقامی مسائل، امیدواروں کی شخصیت اور ریاستی سیاسی صورتِ حال مختلف ہوتی ہے۔

امریکا میں وسط مدتی انتخابات کا بنیادی سوال یہ ہے کہ امریکی ووٹرز صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے ابتدائی 2 برس کی پالیسیوں کو کس طرح دیکھتے ہیں اور اس ردِعمل کا اظہار کانگریس کے انتخاب میں کیسے کرتے ہیں۔

ڈیموکریٹک امیدوار معیشت، صحت کی سہولتوں، مہنگائی، جمہوری اداروں اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر زور دے رہے ہیں، جبکہ ری پبلکن امیدوار امیگریشن، سرحدی سیکیورٹی، ٹیکس، توانائی اور اپنی جماعت کی انتظامی ترجیحات کو نمایاں کر رہے ہیں، ان مسائل کی اہمیت ریاست اور حلقے کے لحاظ سے مختلف ہے، قومی سروے کسی عمومی رجحان کی نشاندہی ضرور کرتے ہیں، مگر مقامی انتخابی مقابلوں کا مکمل متبادل نہیں بن سکتے۔

امریکا کے 2026ء کے انتخابات میں ایوانِ نمائندگان، سینیٹ اور ریاستی گورنروں کے انتخابات 3 الگ سیاسی محاذ ہیں، ان کے نتائج آئندہ 2 برس میں وفاقی قانون سازی، بجٹ، صدارتی پالیسیوں کی پارلیمانی نگرانی اور مختلف ریاستوں کے انتظامی فیصلوں پر اثر انداز ہوں گے۔

3 نومبر کی ووٹنگ سے قبل دستیاب مستند معلومات یہ ظاہر کرتی ہیں کہ قومی سرویز میں ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان کے لیے برتری حاصل ہے، سینیٹ کی متعدد ری پبلکن نشستوں پر سخت مقابلہ ہے، جب کہ گورنروں کے انتخابات میں کئی ریاستوں کا سیاسی توازن آزمائش سے گزر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اصل نتائج ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید