اسلام آباد( خبر نگار،ایوب ناصر) جوڈیشل مجسٹریٹ نعیمہ افتخار نے محمد بن اشرف کی سرکاری رہائش گاہ پر 13سالہ فاطمہ اصغر ہلاکت کیس میں ایف آئی اے ڈائریکٹر کی اہلیہ اور قاری علی رضا کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا ، پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ، جس میں مبینہ تشدد کے مناظر سامنے آئے ہیں۔ تفتیشی حکام نے تشدد میں استعمال ہونے والی لکڑیاں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کو عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ۔ مقدمہ درج کرنے کے باوجود پولیس کلیر نہیں کہ کیا بچی گھر میں ملازمہ تھی؟ ہلاکت کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین تفتیش اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔ملزمان کی پیشی کے موقع پر نائب کورٹ عباس نے صحافیوں سے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ دھمکیاں بھی دیں۔