• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ اتحاد، ملکر کام کرنے کا اعادہ، اسلام آباد اجلاس، مشترکہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے پر اتفاق

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی/نیوز رپورٹر) مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹرٹیجک سیاسی ودفاعی کمیٹی کا اجلاس‘ فیلڈمارشل سیدعاصم منیر سمیت تینوں ممالک کے فوجی سربراہان ‘وزرائے خارجہ ودفاع کی شرکت ‘ پاکستان‘ سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم‘ مشترکہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے پر اتفاق‘ مشترکہ اعلامیہ جاری‘تینوں ممالک نے علاقائی امن‘ سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے‘علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کیلئے بات چیت اور سفارتکاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ عزم جمعہ کو پاکستان کی میزبانی میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کیاگیا ۔اجلاس میں تینوں برادر ممالک نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام سمیت مکہ دفاعی معاہدہ کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا جبکہ دفاعی صنعتوں‘ مشترکہ تکنیکی ترقی‘ تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکے مطابق مکہ دفاعی اتحاد خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے‘اجلاس میں سعودی عرب پرحوثی حملوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور انہیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں بتایا کہ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ‘آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ سعودی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد‘وزیر خارجہ شہزادہ فیصل اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی شامل تھے جبکہ ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاسر گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو شریک ہوئے۔اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت اور تنازعات کے پُرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید