اسلام آباد/انقرہ (رانا غلام قادر/نیوزڈیسک ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود نے جمعہ کو ملاقات کی جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ادھرترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی جس کے بعد ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی ودفاعی کمیٹی کےاجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں فوج تعیناتی کے لیے پارلیمنٹ سے اجازت لی جائے گی۔ برطانوی نیوزایجنسی کے مطابق جمعہ کو ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں صدر اردوان کی منظوری کا اعلان شائع کیا گیا۔ اس سے قبل رواں ماہ ترک پارلیمنٹ بھی معاہدے کی توثیق کرچکی تھی۔ پاکستان‘ سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں سال اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔