کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی 6منزلہ زیر تعمیر عمارت کے ملبے تلے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن تیسرے روزبھی جاری رہا ، آپریشن کے دوران عمارت کے ملبے سے مزید 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ،حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محمد نوید ،فرحان ،محمد ارسلان ،نجیب ،عابد ،بلال ،نجیب ولد عبدالکریم اوراللہ دتہ شامل ہیں جبکہ لاپتہ 11 افراد محمد علی ، محمد جبران ، وقاص ،عادل ، عباس ،علی شر، نور احمد، عرفان ، مفید ، صغیر احمد اورحسیب کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود چنیسر ٹاؤن کراچی ایڈمن سوسائٹی قباء مسجد کے قریب زمین بوس ہونے والی 6 منزلہ زیرتعمیرعمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن تیسرے روزبھی جاری رہا۔ جمعہ کی صبح نئے تعینات کئے جانے والےڈپٹی کمشنرضلع شرقی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اورجاری ریسکیو آپریشن کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنرضلع شرقی کاشف نبی کھوڑو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کے ملبے تلے دبے باقی مزدوروں کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کی رفتار آہستہ نہیں ہوئی ہے ،جس جگہ عمارت منہدم ہوئی وہ گلیاں ہیں اورگلیوں میں ہیوی مشینری کی ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت میں دقت ضرور ہے لیکن ریسکیو آپریشن تیزی سی مکمل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیوآپریشن کے دوران عمارت کے ملبے سے وقفے وقفے سے افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے باعث واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ محمد نوید ولد عزیز ،35 سالہ فرحان ولد سعید ،17 سالہ محمد ارسلان ولد غلام محمد ،35 سالہ نجیب ،25 سالہ عابد ولد مصطفیٰ ،24 سالہ بلال ولد رمضان ،30 سالہ نجیب ولد عبدالکریم اور 22 سالہ اللہ دتہ ولد محمد ابراہیم شامل ہیں۔حادثے میں جاں بحق ہونے والا اللہ دتہ عمارت میں کار پینٹنگ کا کام کررہا تھا۔ جائے حادثہ ڈپٹی کمشنرشرقی کی جانب سے قائم کی گئی انفارمیشن ڈیسک کے مطابق عمارت کے ملبے سے فرحان ولد سید عزیز ، نوید ولد عزیز الرحمن ، محمد ارسلان ولد غلام محمد ،محمد وقاص ولدمحمد فیاض اور علی حسن ولد محمد بلال کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ لاپتہ 11 افراد میں محمد علی ، محمد جبران ، وقاص ،عادل ، عباس ،علی شر، نور احمد، عرفان ، مفید ، صغیر احمد اورحسیب شامل ہیں جن کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ترجمان ریسکیو 1122 کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کے عملے کی جانب سے بیک وقت دو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ریسکیو 1122 کا عملہ منہدم ہونے والی عمارت کے ملبےتلےدبے افراد کونکالنے کے ساتھ ساتھ عمارت کا ملبہ اٹھا کا کام بھی کررہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لئے انتہائی احتیاط کے ساتھ بیک وقت تین مقامات سے آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ اگر کوئی شخص عمارت میں زندہ ہے تو اسے صحیح سلامت نکالا جا سکے۔ترجمان نے بتایاکہ ریسکیو آپریشن کے دوران کسی مزدو کے دبے ہونے کے آثار ملنے پر ہیوی مشینری کا استعمال روک کر روایتی انداز میں ملبہ ہٹاکر ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو آپریشن کب تک مکمل کرلیا جائے گا یہ کہنا قبل از وقت ہوگیا، جب تک ایک بھی مزدور عمارت کے ملبے تلے موجود ہوگا ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔دوسری جانب لاپتہ ہونے والے مزدوروں کے ورثاء اوررشتہ دارتاحال جائے حادثہ پر موجود ہیں اور اپنے پیاروں کے ملنے کا انتظار کر رہےہیں۔