• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کی پاکستان کو خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش

کراچی (جنگ نیوز)روس نے پاکستان کے ساتھ سیٹلائٹ نیویگیشن اور مواصلات، ریموٹ سینسنگ، انسانی خلائی پروازوں اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔دوسری جانب بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوران معاشی تعاون کے پروٹوکول پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق روس کے وزیرتوانائی سرگئی تسیویلیوف نے ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ سیٹلائٹ نیویگیشن اور مواصلات، ریموٹ سینسنگ، انسانی خلائی پروازوں اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی مہارت اور تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے ۔سرگئی تسیویلیوف کا کہنا تھا ہمارے ملک کے پاس منفرد تجربہ، مضبوط سائنسی و تکنیکی بنیاد اور خلائی تحقیق میں وسیع مہارت موجود ہے اور ہم اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ اپنا تجربہ شیئرکرنے کے لئے تیار ہیں۔یاد رہے کہ چین اور امریکہ کے علاوہ روس وہ ملک ہے جو انسانوں کو خلا بھیج چکا ہے۔دوسری جانب پاکستان کی وزارت برائے معاشی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماسکو میں ہونے والی بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوران معاشی تعاون کے پروٹوکول پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ اس پروٹوکول کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، زراعت، دواسازی، ٹرانسپورٹ رابطوں، آئی سی ٹی، تعلیم، ثقافت، سائنس اور خلائی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی بات کی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید