• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات اور انفرااسٹرکچر کی تباہی کی بنیاد ایم کیو ایم نے رکھی، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات اور انفرا اسٹرکچر کی تباہی کی بنیاد ایم کیو ایم نے رکھی،ایم کیو ایم نے فٹ پاتھوں اور گلیوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا اور پارکس میں شادی ہال تعمیر کیے گئے،سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان منصوبہ بندی کرکے آئے ہیں کہ شور شرابہ کرنا ہے تو کرلیں، ان کے پینا فلیکس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ پہلے سے تیاری کرکے آئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں تجاوزات اور انفرا اسٹرکچر کی تباہی کی بنیاد ایم کیو ایم نے رکھی۔ ایم کیو ایم کے میئر کے دور میں ہی مختلف اداروں کی تباہی کا آغاز ہوا۔ ان کے بقول فٹ پاتھوں اور گلیوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا اور پارکس میں شادی ہال تعمیر کیے گئے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جس معاملے کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے فوری ایکشن لیا، افسران کے خلاف کارروائی ہوئی، مقدمہ درج کیا گیا اور چار افراد گرفتار کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ماضی میں ہونے والی خرابیوں کی بنیاد الطاف حسین نے رکھی اور آج ان کے پیروکار اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔سینئر وزیر نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج شور شرابہ کرنے والے وہی لوگ ہیں جن پر بلدیہ فیکٹری میں مزدوروں کو زندہ جلانے اور 12 مئی کو قتلِ عام کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ صوبے کے قیام کا مطالبہ دراصل ایک سازش کا حصہ ہے اور ایم کیو ایم کی سرگرمیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ ان کے مطابق صنعتوں کی تباہی، ہڑتالوں کے ذریعے شہر کی معیشت کو نقصان پہنچانے، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا سلسلہ بھی ایم کیو ایم کے دور سے منسوب ہے۔ آج وہی جماعت یہاں بیٹھ کر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج اور دیگر سرگرمیاں صوبے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور سندھ اسمبلی اس معاملے پر اپنا موقف واضح کر چکی ہے۔حکومت سندھ کو کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر بے حد افسوس ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے واقعے پر کارروائی کی گئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی، ایف آئی آر درج کی گئی اور چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید