• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی تعمیرات، SBCA افسران کی 50 لاکھ روپے تک فلور وصولی، آباد کا انکشاف

کراچی (نیوز ایجنسی ) آباد کے چیئرمین حنیف گوہر نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران پر غیر قانونی تعمیرات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور فی فلور25سے 50لاکھ روپے تک وصول کرکے غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے قانونی طور پر تعمیرات کرنے والے بلڈرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تمام زیر تعمیر عمارتیں سیل کرنے کا حکم غیر منصفانہ ہے، جس کے نتیجے میں قانونی بلڈرز کی تقریباً ڈیڑھ سو عمارتیں سیل کردی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے عمارتیں سیل کرتے وقت این او سیز اور منظوری کے دستاویزات تک نظر انداز کردیے۔مختیارکاروں اور بلڈنگ کنٹرول افسران نے قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کیے بغیر عمارتیں سیل کردیں۔ انہوں نے 150 عمارتیں ڈی سیل کرنے کے لیے تین روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیر 30 نومبر تک منظور شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار بند کرکے سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بلڈرز اور کاروباری شخصیات کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہونے کے ساتھ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ اپنے بیان میں حنیف گوہر نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی ناک کے نیچے شہر میں غیر قانونی تعمیرات ہوتی رہیں اور مبینہ طور پر فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کرکے افسران آنکھیں بند کئےرکھتے تھے۔

اہم خبریں سے مزید