کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جو قومیں اپنی تاریخ ، زبان اور ثقافت کو بھول جائیں وہ مٹ جاتی ہیں، بہتر پاکستان کے لیے سب کوبہتر سوچ اپنانا ہوگی، تبدیلی کا آغاز سوچوں میں تبدیلی سے ہی آئے گا، یہ ملک ہمارے آباو اجداد نے بڑی قربانیوںکے بعد حاصل کیا اب اسے کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار یوتھ فورم فار کشمیر کوئٹہ کے زیر اہتمام پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سےآفیسرز کلب میں منعقدہ تقریب سے نجی یونیورسٹی کے رجسٹرار عرواجاوید ،عبدالوہاب بلیدی ایڈووکیٹ ، ایسوسی ایٹ سیکرٹری بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن اختر،پولیس گرائمر سکول کی پرنسپل شاہد ہ پروین ، یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حبیب الرحمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان اردو اور انگریزی میں تقریری مقابلہ بھی ہوا،تقریب سےمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ وطن کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گےاور اپنی آزادی کو ہر صورت میں بحال رکھیں گے پاکستان بڑی قربانیوں کی بدولت آزاد ہوا ہم اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے اوروہی قومیں ترقی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں جو اپنی آباؤاجداد کے نقش قدم پر چلتی ہیں اور ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے ہمیں پاکستان جیسا ملک دیا، جس میں ہم آزادی کی زندگی بسر کررہے ہیں اور وہ دن دور نہیں کہ جب نوجوان پاکستان کوایک خوشحال،پر امن اور ترقیاتی ملک بنادیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہمارے حوصلے کمزور نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ ، زبان ، ثقافت اور اکابرین کی قربانیاں بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں آج نوجوانوں اور زندگی کی تمام طبقہ ہائے سے تعلق رکھنے والوں کا یہاں جشن آزادی مناتے ہوئے اورخاصطور پر نوجوانوں کے جذبے کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ، بلوچستان کی ترقی درحقیقت پاکستان کی ترقی ہے اور بلوچستان ملک کی معیشت اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،آج کے نوجوان تعلیم حاصل کریں تاکہ کل ملک وقوم کی خدمت کرسکیں ، تقریب میں طلباء وطالبات نے ملی نغمے اورپولیس گرائمر سکول کے بچو ںنے ٹیبلو پیش کیا جس سے تقریب کے شرکاء خوب محظوظ ہوئے ۔ قبل ازیں قومی پرچم کی پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا ۔