امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے مکلی کے تاریخی قبرستان کا دورہ کیا۔
انھوں نے امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کے تحت سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے مقبروں کو محفوظ کرنے کے منصوبے کی تکمیل پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو نے مکلی قبرستان کو 1981ء میں عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دیا تھا۔
مکلی میں 14 ویں سے 18 ویں صدی کے بادشاہوں، ملکاؤں، گورنروں، صوفیوں، دانشوروں اور فلسفیوں کے مقبرے ہیں۔
امریکی حکومت نے سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے مقبروں کی بحالی کے لیے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم فراہم کی۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کا فنڈ برائے ثقافتی تحفظ فن و ثقافت کے شعبے میں امریکا اور پاکستان کی شراکت داری کا واضح عکاس ہے۔
امریکا اور پاکستان دونوں ملک یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے مقامات نوع انسانی کی خدمات اور تاریخی تجربے کی بنیادی یادگاریں ہیں۔ ثقافتی تحفظ کے ذریعے ہم اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ ثقافتی ورثہ پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔