اے رب العالمین! صمیم قلب سے ہم دعا گو ہیں جس میں میرا چھوٹا سا خاندان شریک ہے کہ ہمارے بچوں سمیت کسی کو بھی کسی کا محتاج نہ بنا۔ انہیں خدا ترس اور غریبوں کا ہمدرد بننے کی توفیق عطا فرما! جو بھی مانگیں تجھ سے مانگیں تیرے ہی آگے جھکیں اور ہم سب کو اس قابل بننے کی توفیق ہو کہ خدمت خلق کرتے رہیں!حسب توفیق بیماروں، لاچاروں اور ضرورت مندوں کے کام آتے رہیں، مخیر و صاحبان ثروت حسب گنجائش شفاخانے قائم کریں اور مدد گار ہوں...ہمارے ملک پاکستان میں جس طرح عبدالستار ایدھی نے ایدھی فائونڈیشن، ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت فائونڈیشن، عمران خان نے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی، زمرد خان نے پاکستان سویٹ ہوم، بیرسٹر عابد وحید شیخ مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے پاکستان تھیلے سیمیا سینٹر اسلام آباد اور اس کے علاوہ جنہوں نے الخدمت فائونڈیشن، چھیپا، خدمت خلق فائونڈیشن، فاطمید فائونڈیشن، نور فائونڈیشن، رائزنگ سن، کیئر فائونڈیشن، حسینی فائونڈیشن اور ایس او ایس ویلج اور روشنی ہوم جیسے ادارے قائم کئے،میں ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں اور دعا گو ہوں جو ان اداروں کو بنانے میں معاون ثابت ہوئے اور ان تمام اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کا جو ان خدمت خلق کرنے والے اداروں اور افراد کے ساتھ تعاون کرتے ہیںاور خدمت خلق کرنے والے افراد بھی دن رات خلق خدا کی خدمت میں مصروف ہیں۔اے رب العزت! ہم سب کو انسانیت کے شعبے میں بھرپور کردار ادا کرنے کی توفیق ارزاں فرما!اے اللہ! حیات بخش جوہر یعنی خون کی فراہمی کے حوالے سے خدمات انجام دینے میں پیش پیش ادارہ ’’سندس فائونڈیشن‘‘ کی مزید مدد فرما کہ ملکی سطح پر ہر چھوٹے بڑے شہر میں اس کی شاخیں قائم ہوں! جہاں جہاں تھیلے سیمیا جیسی بیماریاں بچوں کو لاحق ہیں وہاں وہاں سندس فائونڈیشن خدمات انجام دے!اے اللہ! میرے لئے اعزاز ہے کہ سندس فائونڈیشن جیسے خدمت خلق کے ادارے کا اعزازی چیئرمین ہوں، سندس فائونڈیشن میں کام کرنے والے کارکنوں کو مزید ہمت و حوصلہ عطا فرما کہ اس خاص نوعیت کی خدمات سے پاکستان کا بھرم دنیا بھر کی نظر میں قائم رہے بلکہ دیگر ممالک بھی سندس فائونڈیشن کے معاونین بنیں!مجھے اپنے اللہ پر پختہ یقین ہے کہ جو لوگ ان اداروں اور مخلوق خدا کی مالی معاون و خدمت کرتے اور صدقہ جاریہ کا حصہ بنتے ہیں، بےشک اللہ تعالیٰ اپنی راہ میں خرچ کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں بےشمار نوازتا ہے۔اے رب العزت!عزت رکھنا ان خدمت خلق اداروں کی ! اور قبول فرما ان سب کی خدمات اور ہماری دعا جس میں شریک ہیں میری بیوی، بہو، بیٹی سجل اور بیٹا کاشف اور پوتا، پوتی اور نواسا.....