بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) سال نو کے آغاز پر یارکشائر ادبی فورم نے ادبی تقریبات کا آغاز کردیا۔ برطانیہ میں متحرک ادبی تنظیم یارکشائر ادبی فورم نے پاکستان سے آئے ہوئے نامور شعرا شکیل جاذب، پروفیسر محمود پاشا کے اعزاز میں ایک خوبصورت اور منظوم تقریب کا اہتمام کیا جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے شعرا اور ادبی شخصیات کے علاوہ سیاسی و سماجی زعما نے شرکت کی۔ برطانیہ کے بزرگ شاعر ڈاکٹر مختار الدین کی صدارت میں ہونے والی اس تقریب کا آغاز تقریب کے روح رواں اشتیاق میر نے اللہ تعالیٰ کے پاک کلام سے کیا اور نظامت کے فرائض بھی خود سرانجام دیے۔ اس موقع پر شکیل جاذب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ دنیا بھر میں ادبی تنظیمیں اپنے خوب صورت ادبی پروگراموں کے ذریعے اپنے کلچر اور ثقافتی ورثے کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کا ایک پڑھا لکھا طبقہ موجود ہے جنہیں نہ صرف خود ادبی لگائو ہے اور تقریبات کا انعقاد کرکے اپنی تشنگی دور کرتے ہیں، بلکہ برطانیہ میں آباد مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب کرکے ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کلام بھی پیش کیا۔ یارکشائر ادبی فورم کی قائم مقام چیئرمین تسنیم احسن نے کہا کہ اردو زبان تیسری دنیا کی ایک بڑی طاقت ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل میں اردو زبان کے حوالے سے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ معروف شاعر باصر کاظمی نے کہا کہ برطانیہ میں اردو ادب اور شاعری کی تقریبات سے کمیونٹی کو اپنے وطن کے اس خوب صورت ورثہ سے روشناس کرانا ہے اور شاعری کے ذریعے نوجوان نسل میں اپنے وطن سے محبت پیدا ہوتی ہے۔ معروف سیاسی و سماجی شخصیت مشتاق لاشاری نے کہا کہ برطانیہ میں آباد نوجوان نسل کو اردو زبان کی جانب راغب کرنا ہوگا اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ جب تک ہماری نسلیں تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں ہوں گی، اس وقت تک وہ کسی بھی معاشرے میں اہم مقام نہیں حاصل کرسکتیں۔ اشتیاق میر نے اشعار پیش کیے اور یارکشائر ادبی فورم کی سرگرمیوں کے حوالے سے شرکا کو تفصیلات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یارکشائر ادبی فورم نے برطانیہ بھر میں جہاں اردو زبان کی ترویج اور ترقی کے لیے اہم کام کیے ہیں وہاں مستقبل قریب میں اردو زبان کے حوالے سے سی ڈی اور ادب کے حوالے سے ایک خصوصی ایپ لائونج کررہی ہے تاکہ نوجوان نسل میں اردو زبان اور کلچر کو جدید طریقوں سے روشناس کرایا جاسکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ ادبی فورم سے اپنا بھرپور تعاون کریں اور اس کی ممبر سازی کو یقینی بناتے ہوئے گھر گھر یارکشائر ادبی فورم کے پیغام کو پہنچایا جائے۔ تقریب میں پروفیسر محمود پاشا، ڈاکٹر قیصر زاہدی، ڈاکٹر اعظم امروہی، امجد شاہ بخاری، کشور اسد ضیاء، ڈاکٹر جاوید اقبال ستار، عبدالغفور کشفی، ناہید کیانی، ڈاکٹر کاشف جلیل، ادیب مشتاق، گوہر الماس خان کے علاوہ مقامی شعرا نے خوب صورت کلام پیش کرکے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر پاکستان سے تشریف لائی ہوئی معروف بزرگ ادبی خاتون میڈم قمر جہاں کو ان کی تعلیمی اور ادبی خدمات پر شیلڈ پیش کی گئی جب کہ یارکشائر ادبی فورم کے متحرک کارکن شیخ عبدالقیوم، محمد ظہیر اور بزرگ شاعر ڈاکٹر مختار الدین نے شکیل جاذب، محمود پاشا اور مشتاق لاشاری کو بھی یارکشائر ادبی فورم کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ یارکشائر ادبی فورم کا پروگرام رات گئے تک جاری رہا۔ ٹھنڈے ماحول میں خوب صورت شاعری کے ذریعے نہ صرف حرارت پیدا کی بلکہ شرکا کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔