کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے نجی ٹی وی(اےآروائی نیوز ) پر نجی بینک کےخلاف بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے اور ساکھ کونقصان پہنچانے کے الزام میں ملوث تاجر عقیل کریم ڈھیڈی کو ہرسماعت پر پابندی سے بروقت پیش ہونے کا حکم دیا ہےجبکہ مقدمے میں شریک ملزم اسد کھرل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو فاضل عدالت میں نجی بینک کے خلا ف بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے تاجر عقیل کریم ڈھیڈی ودیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی اس موقع پر ملزمان عقیل کریم ڈھیڈی ، حاجی غنی عثمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسد کھرل نہیں پیش ہوئے، ان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جس پر عدالت نے کہا کہ یہ درخواست ان کی موجودگی میں پیش کی جائےاور استثنیٰ کی درخواست مسترکردی اس کے علاوہ ملزم سلیمان مرزا کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی جسے عدالت نے منظور کرلیااور مقدمے کی سماعت 31؍ مارچ تک ملتوی کردی۔استغاثہ کے مطابق عقیل کریم ڈھیڈی نے نجی ٹی وی (اے آر وائی نیوز) کے پروگرام میں درخواست گزار پر جھوٹے الزامات لگائے تھے، نجی بینک نے عقیل کریم ڈھیڈی ودیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مدعا علیہان نےنجی بینک اور اس سے وابستہ اداروں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے تھے۔ عقیل کریم ڈھیڈی اور دیگر نے نجی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں عرصہ دراز سے مسلسل جے ایس بینک اور اس سے وابستہ اداروں کو بدنام کرنے اور اس کی ساکھ کو خراب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔نجی بینک اور اس سے وابستہ اداروں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے جس کے نتیجے میں نجی بینک اور اس کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا ۔ نجی بینک کے تمام ادارے اچھی شہرت اور اچھا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ریکارڈ پر موجود شواہد کے پیش نظر ملزمان پر الزامات ثابت ہوتے ہیں ۔ لہٰذا انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔