• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نئی کتابیں...

طاہر حبیب

ظلمتِ شب

مصنّف : جمیل خان

صفحات : 299 ، قیمت : 499 روپے

ناشر : پورب اکادمی، اسلام آباد

پہلے تو یہ بات نوٹ کرلیجیے کہ زیرِ تبصرہ کتاب عام قاری کے لیے نہیں، بلکہ ان کے لیے لکھی گئی ہے، جو ہمہ جہت فکری بصیرت سے مالا مال ہوں اور دماغی تطہیر کے خواہش مند بھی۔ یہ کتاب مختلف مضامین کا مجموعہ ہے، جن کے بارے میں ڈاکٹر شہناز شورو نے درست ہی لکھا ہے، ’’ان مضامین میں آپ کو ایک منطقی روشن خیال، متوازن اور عالم گیر سوچ کا حامل قلم کار ملے گا، جس کے لیے ہر موضوع ہر طبع آزمائی محض تکمیل شوق نہیں، بلکہ ایک ضرورت ہے۔ بکھرے، غیر متوازن، جذباتی، منفی سوچ کے شکار معاشرے کی تبدیلی کے لیے۔‘‘ ہمارے خیال میں یہ تبصرہ ہی کافی ہے۔ جہاں تک کتاب کا تعلق ہے۔ مضبوط جلد کے ساتھ اچھے انداز میں چَھپی ہے، سرورق با معنی اور اچھوتا ہے اور کتاب کے نفسِ مضمون کا بَھرپور عکّاس بھی۔

سعودی عرب، آج اور کل

مصنّف: رضی الدین سیّد

صفحات: 224، قیمت: 330 روپے

ناشر: راحیل پبلی کیشنز، کراچی

اگرچہ یہ سفرنامہ ہے، لیکن مصنّف نے اس میں سعودی عرب کی معاشی ومعاشرتی زندگی، تاریخ وغیرہ کے حوالے سے جو معلومات فراہم کی ہیں، وہ بھی لائق مطالعہ ہیں۔کتاب میں بعض اہم تاریخی تصاویر بھی ہیں۔مختلف ضمیمہ جات کی شمولیت سے کتاب مزید جامع ہوگئی ہے۔شایع بھی اچھے انداز سے ہوئی ہے۔

ہند کو سخنِ پارینہ

تالیف: ایم اسماعیل اعوان

صفحات: 152، قیمت: 200 روپے

ناشر: بخاری پبلشرز، صدف پلازا، محلّہ جنگی، پشاور

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ کتاب ہندکو کے قدیم شعراء کے کلام پر مبنی ہے، جو پشاور کے اسّی سال کے ایک بزرگ، لالہ مشتاق حسین سے سُن کر قلم بند کیا گیا ہے۔یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ ہندکو کے قدیم شعراء کا کلام سینہ بہ سینہ محفوظ ہے۔ ایم اسماعیل اعوان کی یہ کاوش ہندکو زبان کی ایک بڑی خدمت ہے۔کتاب، خُوب صُورت سرورق کے ساتھ اچھے انداز میں شایع ہوئی ہے۔ قیمت بھی بہت مناسب ہے۔

کمال کی باتیں

مصنّف:کمال احمد رضوی

صفحات: 240 ، قیمت : 490 روپے

ناشر: اٹلانٹس پبلی کیشنز، ایسٹرن اسٹوڈیو، سائٹ، کراچی

کمال احمد رضوی فن کی دنیا کا ایک بڑا نام ، جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ٹی وی ڈراموں کی تاریخ ’’الف نون‘‘ کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے بچّوں کے لیے دو سو ناول بھی تحریر کیے۔ تھیٹر کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ بے شک وہ نابغۂ روزگار شخص تھے۔ زیر ِتبصرہ کتاب میں ان کی شخصیت کے حوالے سے تین مضامین اور ایک انٹرویو شامل ہے، اس کے علاوہ مرتّب نے کتاب میں کمال احمد رضوی کے تحریر کردہ کچھ خاکے بھی شامل کردیئے ہیں، جن کی تعداد19ہے۔ شخصیات میں فیض احمد فیض، سعادت حسن منٹو اور حمید کاشمیری کے ساتھ ساتھ الحمرا اور پاک ٹی ہاؤس کے بارے میں لکھے گئے مضامین بھی شامل ہیں۔ کمال احمد رضوی کی شخصیت کے بارے میں ان کی اہلیہ، عشرت جہاں رضوی کا مضمون خاص طور پر پڑھنے کے قابل ہے۔ یہ ایک سچّی اور جرأت مندانہ تحریر ہے۔ کمال جیسے تھے ،انھوں نے ویسا ہی پیش کیا ہے۔ جو کمال احمد رضوی کو جاننا چاہتے ہیں،یہ کتاب ان کے لیے نہایت سود مند ثابت ہوگی۔ یوں بھی اچھے کاغذ پر عمدگی کے ساتھ شایع ہوئی ہے، جسے بار بار پڑھا جاسکتا ہے۔

سفرنامہ ترکی

مؤلّف : ڈاکٹر سیّد محمّد اشرف جیلانی

صفحات : 100، قیمت : 100روپے

ناشر : اشرف پبلی کیشنز، پوسٹ بکس نمبر2424، کراچی

نام سے ظاہر ہے کہ یہ سفرنامہ ترکی کی سیّاحت سے متعلق ہے، مگر یہ اس اعتبار سے دیگر سفرناموں سے مختلف ہے کہ مؤلّف نے اس میں ترکی میں مدفون صحابۂ کرامؓ اور بزرگانِ دینؓ کے مزارات کی زیارت کے حوالے سے تاثرات قلم بند کیے ہیں۔ خصوصاً مولانا رومؒ کے حالاتِ زندگی کا تفصیلاً ذکر ہے۔ ایک عام قاری صرف یہ جانتا ہے کہ ترکی میں صرف حضرت ایوب انصاریؓ کا مزار ہے، لیکن اس سفرنامے سے علم ہوتا ہے کہ ان کے علاوہ بھی ترکی میں متعدد صحابۂ کرامؓ مدفون ہیں۔ مولّف نے بعض مستند کتب کے حوالے سے ان سب کے حالاتِ زندگی درج کیے ہیں۔ کتاب میں چند اہم مزارات کی تصاویر بھی دی گئی ہیں۔ بزرگانِ دین سے عقیدت اور دِل چسپی رکھنے والے قارئین یقیناً اس کتاب کو اپنے لیے سود مند پائیں گے۔ کتاب مناسب طور پر عمدگی سے شایع ہوئی ہے اور قیمت بھی انتہائی مناسب رکھی گئی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین