• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزن کم کرنے کاحوصلہ ان سلیبرٹیز سے جانئیے

کیا آپ کو پتہ ہے کہ کئی سلیبرٹیز جنھیں ان کی فٹنس کی وجہ سے آج آئیڈلائز کیا جاتا ہے، ایک وقت پر موٹاپے کا شکار رہی ہیں۔ آخر ان سلیبرٹیز نے ایسا کیا کیا کہ اب ان میں سے کسی کو’ سائز زیرو‘ کہا جاتا تو کوئی ’فٹنس آئیکون‘ قرار پائی ہے۔ آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

کرینہ کے بارے میں شاید کم لوگ جانتے ہیں کہ بلوغت کے زمانے میںوہ اچھی خاصی موٹی تگڑی ہوا کرتی تھی، یہاں تک کہ اپنی ڈیبو مووی ’’ریفیوجی‘‘ میں بھی کرینہ کے اس روپ کی جھلک دیکھی جاسکتی تھی۔ تاہم بعد میں ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ اور دیگر فلموں میں ویورز کو ایک مختلف کرینہ نظر آئی۔’’ٹشن‘‘(2008)ایسی فلم تھی، جس میں کرینہ کپور باقاعدہ طور پر’سائز زیرو‘ کے ساتھ جلوہ گر ہوئی۔شادی کے بعد دوران حمل کرینہ کے بقول اس نے اتنےپراٹھےاور گھی کھایا کہ 18کلو وزن بڑھادیا تھا، تاہم اب اپنی آنے والی فلم ’’ویر دی ویڈنگ‘‘ میں وہ ایک بار پھر پہلے والی سلم اور اسمارٹ کرینہ نظر آرہی ہے۔ ’’خواتین کو ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ حمل کے دوران جسم کا پانچ سال کا کیلشیم ضایع ہوجاتا ہے، اس لیے دوبارہ اپنی سابقہ جسامت کو بحال کرنے کے لیے کیلشیم زیادہ لینا لازمی ہے‘‘، کرینہ کہتی ہے۔ 

یہی وجہ ہے کہ کرینہ روزانہ رات کو دودھ کا ایک بھرا ہوا بڑا گلاس ضرور لیتی ہے۔کرینہ جسمانی فٹنس کے لیے 80%صحت مند غذا اور 20%ایکسرسائزکے فارمولے پر عمل کرتی ہے۔پہلے صحت مند غذائیں کھائیں اور اس کے بعد ایکسرسائز کریں۔

کرینہ کا عمومی ڈائیٹ پلان کچھ اس طرح ہوتا ہے۔ ناشتہ میں اسکمڈ ملک یا تازہ جوس اور کبھی کبھار پراٹھہ، مارننگ اسنیک کےطور پر براؤن بریڈ سینڈوچ۔ دوپہر کے کھانے میں دال کے ساتھ دو چپاتی، سلاد کا ایک پیالہ یا ویجیٹیبل سوپ۔ شام میں پروٹین شیک اورپھلی یا دیگر Nuts، جب کہ رات کے کھانے میں دال، چپاتی یا براؤن چاول کے ساتھ دہی یا ویجیٹل سوپ لیتی ہے۔کرینہ، چینی اور گھی سے پرہیز کرتی ہے،اگر کبھی کبھار کھنا پڑے تو بہت ہی کم مقدار میں کھاتی ہے۔

جسم سے نقصان دہ کثافت کو بھگانے کے لیے پانی وافر مقدار میں لیتی ہے، جیسے چھ سے آٹھ گلاس روزانہ۔ ہر تین گھنٹے کے وقفے سے غذالیتی ہے، تاکہ پورا دن توانا رہ سکے۔ کرینہ کی غذا 50%پروٹین، 30% کاربو ہائڈریٹس اور 20%فیٹس پر مشتمل ہوتی ہے۔ جہاں تک ایکسرسائز کا تعلق ہے وہ روزانہ ایک سے دو گھنٹے کارڈیو، یوگا اور ڈانس کو ورک آؤٹ سیشن میں شامل رکھتی ہے۔

فلموں میں آنے سے پہلے سوناکشی سنہا کا وزن کافی بڑھا ہوا تھا۔ 90کلو وزن کے ساتھ اسے جنک فوڈ کھانا بہت پسند تھا، جب کہ ایکسرسائز سے نفرت کرتی تھی۔ ’’اگر سلمان خان وزن کم کرنے کے لیےمیری حوصلہ افزائی نہ کرتے تو میں کبھی بھی ایسا نہ کرپاتی‘‘۔ سوناکشی کہتی ہے۔ سلمان نے اسے اپنی فلم ’’دبنگ‘‘ کےلیے سائن کرلیا تھا۔ حیران کن طور پر سوناکشی اپنے وزن میں 32کلو کمی لانے میں کامیاب ہوگئی۔ اب سوناکشی کا عمومی یومہ ڈائیٹ پلان کچھ اس طرح کا ہوتا ہے۔ 

سوناکشی صبح جلدی اٹھنے کو ترجیح دیتی ہے اور اس وقت ایک گلاس نیم گرم پانی میں شہدمیں لیموں کا جوس ملا کر پیتی ہے۔ ناشتے میں سیریل، کم چکنائی والا دودھ اور گندم والا ٹوسٹ کھاتی ہے، دوپہر کے کھانے میں مکسڈ سبزی کے ساتھ دو چپاتی اور سلاد، شام میں سبز چائے یا تازہ پھل اور رات کے کھانے میں آدھا کپ دال، مکسڈ ویجیٹبل گریوی، چکن بریسٹ کا ایک ٹکڑا یا بھنی ہوئی مچھلی۔ 

یہ ڈائیٹ پلان، سوناکشی کے لیے جادوئی اثر رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر تین گھنٹے کے بعد کھانا، وافرمقدار میں پانی پینا، شام چھ بجے کے بعد کاربوہائڈریٹس استعمال نہ کرنا، اور وزن بڑھانے والی غذائیں کم مقدار میں کھانا، یہ سب سوناکشی کے ڈائیٹ پلان کا حصہ ہے، جس پر وہ سختی سے عمل کرتی ہے۔ صحت مند غذا کے علاوہ سوناکشی ایکسرسائز بھی کرتی ہے۔ شروع میں وہ دن میں دو بار ایکسرسائز کرتی تھی۔ اس کی ایکسرسائز کارڈیو، ویٹ ٹریننگ، سائکلنگ، ٹینس، سوئمنگ، اسپننگ اور فنکشنل ٹریننگ پر مشتمل ہوتی ہے۔ ہفتے میں تین بار یوگا بھی کرتی ہے۔

مانچسٹر بزنس اسکول سے ٹرپل آنر زکرنے والی یہ ینگ بالی ووڈ ایکٹریس 2015سے پہلے اچھی خاصی موٹی تھی۔ آئیفا ایوارڈ ز 2015کی تقریب میں لوگ سلم، اسمارٹ اور ایکسٹرا فٹ پرینیتی چوپڑا کو دیکھ کر دنگ رہ گئے تھے۔ پرینیتی چوپڑہ نے اس نئی Lookمیں آنے کے لیے چھ ماہ تک صحت مند ڈائیٹ پر سختی سے عمل کیا اور ساتھ میںخوب ورک آؤٹ بھی کیا۔

پرینیتی کا عمومی روزانہ ڈائیٹ پلان کچھ اس طرح ہوتا ہے: صبح جلدی اٹھنے کے بعد لیموں کا جوس ملانیم گرم پانی کا ایک کپ، ناشتے میں دو ابلے ہوئے انڈوں کی سفیدی،ایک براؤن بریڈ اور ایک کپ چکنائی کے بغیر والا دودھ، دوپہر کے کھانے میں براؤن رائس، روٹی، دال اور سبزی، شام میں بغیرچکنائی والی دہی یا سبز چائے، رات کے کھانے میں سبزی،کم چکنائی والی غذائیں، بغیر چکنائی دودھ اور کبھی کبھار چاکلیٹ شیک۔ صحت مند غذا کے ساتھ ساتھ پرینیتی ایکسرسائز پر بھی دھیان رکھتی ہے۔ 

پرینیتی کا شمار ان ایکٹریسز میں ہوتا ہے، جو Gymسے نفرتی کرتی ہیں، اس لئے پرینیتی ورک آؤٹ کے لیے ٹریڈمل، ہارس رائیڈنگ، سوئمنگ اور مارشل آرٹس کو استعمال میں لاتی ہے۔وزن کم کرنے کے لیے پرینیتی نے اپنے ڈانس پر بھی بھرپور توجہ دی جب کہ اپنی توجہ(Focus)کو بہتر بنانے اور صحت مند دماغ کے لیے Meditationکا بھی آغاز کیا۔

جس وقت سونم کپور سنگاپور میں تھیٹر اینڈ آرٹس کی تعلیم حاصل کررہی تھی، اس وقت تک اس کا وزن کافی بڑھا ہو اتھا۔ سونم کا خیال تھا کہ وہ فلم انڈسٹری جوائن نہیں کرے گی، تاہم 2007میں ریلیز ہونے والی ’’سانوریہ‘‘ میں جب سنجے لیلیٰ بھنسالی نے اسے مرکزی کردار آفر کیا تو وہ انکار نہ کرسکی۔ تاہم اس کے لیے سونم کو 35کلو وزن کم کرنا تھا۔ سونم نے اپنے پرسنل ٹرینر اور والدہ کی سپورٹ سے اپنے لیے سخت ایکسرسائز کا قاعدہ اور صحت مند غذا کا پلان ترتیب دیا۔سونم کھانے پینے کے معاملے میں اب بھی خود کو روک نہیں سکتی۔ 

وہ ہر دو، تین گھنٹے کے بعد اپنے ڈائیٹ پلان کے مطابق کچھ نہ کچھ ضرور کھاتی ہے۔ اگر کبھی بے وقت کی بھوک محسوس ہو تو وہ ڈرائی فروٹ اور پھلی وغیرہ کھالیتی ہے۔ اس کے علاوہ کھیرے کا جوس، کھوپرے کا پانی اور شہد کے ساتھ لیموں کا پانی بھی پیتی ہے۔ 

سونم کپور کا عمومی ڈائیٹ پلان کچھ اس طرح ہوتا ہے۔ ناشتے میں پھل اور دلیہ، ایکسرسائز کے بعد براؤن بریڈ، انڈے کی سفیدی اور اس کے بعد جوس یا پروٹین شیک، دوپہر کے کھانے میں ایک راگی روٹی، سبزیاں، دالیں اور مرغی یا مچھلی کا ایک ٹکڑا، شام میں فائبر سے بھرپور کریکرز، انڈے کی سفیدی یا مرغی اور رات کے کھانے میں سلاد، سوپ اور مرغی یا مچھلی۔صحت مند غذائیں کھانے کے علاوہ سونم کپور باقاعدگی سے ایکسرسائز بھی کرتی ہے۔

تازہ ترین