پاکستا نی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں خود کو منوا رہی ہیں۔میک اپ، کاسمیٹکس، فیشن اور پرسنل گرومنگ کے شعبہ کی بات کریں تو وہاں خواتین کا راج ہے۔ خواتین کی ایک طویل فہرست ہے، جنھوں نے ان شعبہ جات میں اپنے لیے بڑا نام بنایا ہے۔ذکر کچھ ایسی نمایاں خواتین انٹرپرنیوئرز کا۔
نبیلہ
نبیلہ بلاشبہ پاکستان کی آئیکون میک اپ آرٹسٹ، ہیئر اسٹائلسٹ، بیوٹیشن اور امیج کنسلٹنٹ ہیں۔ نبیلہ تین دہائیوں سے اس بزنس میں ہیں۔ ان کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی کئی سلیبرٹیز کے مقابلے وہ زیادہ اسٹار پاور رکھتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے فالوئرز کی تعداد پانچ ملین سے زیادہ ہے۔ نبیلہ کے سفر کی کہانی نہایت منفرد ہے۔ بچپن میں نبیلہ اپنے ہیئر کٹ سے کبھی مطمئن نہیں ہوتی تھیں۔ گھر آکر انھیں اپنا ہیئرکٹ خود ہی ٹھیک کرنا پڑتا تھا۔ جب 20سال کی عمر کو پہنچی تو انھیں اندازہ ہوا کہ کئی پروفیشنل ہیراسٹائلسٹس کے مقابلے میں وہ خود کہیں بہتر ہیئرکٹ بناسکتی تھی۔
اس وقت نبیلہ کی شادی ہوچکی تھی اور وہ دو بچوں کی ماں تھی، جب نبیلہ نے لندن کی بہترین ہیئراکیڈمی میں داخلہ لینے کا فیصلہ کیا۔ اپنا ویڈنگ ڈائمنڈ سیٹ بیچ کر وہ لندن روانہ ہوگئیں۔ واپس آکر نبیلہ نے گھر پر8x8کے اسٹاف کوارٹرمیں ایک کرسی پر مشتمل سیلون کھولا۔ یہ 1986کی بات ہے۔ اس کے بعد نبیلہ کو پیچھے مڑکر دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ نبیلہ نے ہیئرسیلون، میک اپ، نیل بار، اسٹائلنگ اور امیج کنسلٹنسی سروسز کے بعد گزشتہ سال اپنی میک اپ لائن ’’زیرو میک اپ‘‘ کے نام سے لانچ کی ہے۔پاکستان کے بعد نبیلہ نے ’’زیرو میک اپ‘‘ کو متحدہ عرب امارات میں بھی لانچ کردیا ہے۔
وہ اسے یورپ، امریکا اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ نبیلہ کا کہنا ہے کہ ’’زیرو میک اپ ‘‘سچ مچ بین الاقوامی اپیل رکھتا ہے۔ اس کا ڈسٹری بیوشن مرکزی مڈل ایسٹ ہے، ڈیزائن بارسلونا میں تیار کیا گیا ہے، پراڈکشن جرمنی میں ہوتی ہے جب کہ پیکیجنگ تائیوان سے آتی ہے۔’’اس پراڈکٹ میں اگر کچھ پاکستانی ہے تو وہ میں خود ہوں‘‘، نبیلہ کہتی ہیں۔ وہ’’زیرومیک اپ‘‘ کو ہالی ووڈ میں لے جانے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔ نبیلہ، ہالی ووڈ اداکارہ لِنڈسےلوہان کے ساتھ پہلے ہی ایک چیرٹی پروجیکٹ کرچکی ہیں۔ نبیلہ کو کوہ پیمائی کا بھی شوق ہے اور وہ تنزانیہ کی مشہور کلی منجارو کی چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔
مسرت مصباح (ڈیپلیکس)
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والی مسرت مصباح ایک سوشل انٹرپرنیوئر، بیوٹیشن اور Philanthropist ہیں۔ وہ ہر کام ایک مقصد کے تحت کرتی ہیں۔ مسرت مصباح 25 نومبر 1959ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے سینٹ جوزف کالج کراچی سے گریجویشن کیا۔ فرانس، برطانیہ اور جرمنی سے کاسمیٹالوجسٹ اور بیوٹیشن کی تعلیم حاصل کی اور 1980ء کی دہائی میں کراچی میں ڈپلیکس کے نام سے سیلون کھول لیا۔
اس وقت ڈیپلیکس سیلون کی ملک بھر میں 62شاخیں ہیں۔ گزشتہ سال ڈیپلیکس کی پہلی اوورسیز برانچ برطانیہ میں کھولی گئی ہے۔ مسرت مصباح تیزاب سے جھلسی ہوئی خواتین کی بحالی کے لیے بھی کام کرتی ہیں۔2005میں اس سلسلے میں انھوں نے ’’ڈیپلیکس اسمائل اگین‘‘ کی بنیاد رکھی۔ مسرت مصباح نے ایک ایسا میک اپ برانڈ بھی متعارف کروایا ہے جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تصدیق شدہ حلال میک اپ ہے۔اگر زیادہ تر برانڈز کے لیے کسٹمر’کنگ‘ ہوتا ہے تو پھر یہ کہا جاسکتا ہے کہ مسرت مصباح اپنے برانڈ کی بلاشرکت غیرے’ کوئین‘ ہیں۔
مونا جے
مونا جمال جنھیں عرف عام میں مونا جے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 2000میں پہلا مونا جے سیلون کھولا گیا تھا۔ اور گزشتہ 18سال کے دوران برانڈ ’مونا جے ‘سیلون سروسز اور برائڈل میک اپ کے لیے خواتین کی اولین پسند بن چکا ہے۔ مونا جمال نے ماسٹرز کی ڈگری اکنامکس میں حاصل کی ہے، جب کہ دنیا بھر سے بیوٹی ڈپلوماز بھی کیے ہیں۔ مونا جے متعدد سلیبرٹیز کے ساتھ کام کرچکی ہے، جن میں نادیہ حسین، عائشہ عمر اور دیگر شامل ہیں۔ مونا جے L'Oreal کی برانڈ ایمبیسڈر بھی رہ چکی ہیں۔